ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: نونہال سینٹر ل اسکول میں انٹراسکول انڈر-17 والی بال ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز؛ جمعہ کو کھیلا جائے گا فائنل

بھٹکل: نونہال سینٹر ل اسکول میں انٹراسکول انڈر-17 والی بال ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز؛ جمعہ کو کھیلا جائے گا فائنل

Fri, 06 Dec 2024 00:34:25  SO Admin   S.O. News Service

بھٹکل 5/ڈسمبر(ایس او نیوز) شہر کے مشہور و معروف نونہال سینٹرل اسکول میں انٹراسکول انڈر-17 والی بال ٹورنامنٹ کا دو روزہ ایونٹ آج، جمعرات، نہایت جوش و خروش اور رنگا رنگ انداز میں شروع ہوا۔ ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا ہے جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے دن کھیلے گئے لیگ میچس  بے حد دلچسپ رہے اور اس سے طلبہ و شائقین  بے حد محظوظ ہوئے۔

افتتاحی تقریب کے دوران ٹورنامنٹ کی خوبصورت ٹرافیوں کی رونمائی اسکول کے نائب چیئرمین عوف کولا اور خزانچی عبداللہ کولا کے ہاتھوں کی گئی۔ اس موقع پر عبداللہ کولا نے خطاب کرتے ہوئے کھیل کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کھیل نہ صرف دوستی اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے بلکہ جسمانی صحت کو بھی برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والی بال کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اس کے نتائج جلد  ظاہر ہوجاتے ہیں اور میچس دیکھنے میں بھی دلچسپ ہوتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ اور نوجوانوں کو ترغیب دی کہ وہ اس کھیل میں آگے بڑھ کر حصہ لیں اور اپنی صلاحیتوں کو نکھاریں۔

پہلے دن کے لیگ میچس میں گروپ اے سے سونارکیری سرکاری اسکول اور شیوشانتیکا اسکول نے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ گروپ بی سے نیو شمس اسکول اور اسلامیہ اینگلو اُردو ہائی اسکول سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیں۔

کل، جمعہ، کو ٹورنامنٹ کے دوسرے اور آخری دن سیمی فائنل اور فائنل میچس کھیلے جائیں گے، جن کے بارے میں امید کی جا رہی ہے کہ وہ نہایت سنسنی خیز اور دلچسپ ہوں گے۔

بتاتے چلیں کہ ٹورنامنٹ میں اول آنے والی ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے ساتھ 4444روپئے انعام دیا جائے گا، جبکہ رنرز آپ کے لئے 2222 روپیہ انعام رکھا گیا ہے۔


Share: