بھٹکل 24 / ستمبر (ایس او نیوز) وزیر برائے ماہی گیری، بندرگاہ و اندرونی بحری نقل و حمل منکال وئیدیا نے بھٹکل میں صفائی کرمچاری دن پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کی صفائی کے کام کو خدا کی خدمت سمجھ کر ادا کرنے اور عوام کی صحت کا تحفظ کرنے والے بلدیہ کے صفائی مزدور بھی ہمارے دیش کے سپاہی ہوتے ہیں ۔
بھٹکل ٹی ایم سی اور جالی پٹن پنچایت کے تحت شہر کے بلال شادی ہال میں منعقدہ پروگرام میں بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صفائی کرمچاریوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے حکومت کی طرف سے ان کرمچاریوں اور ان کے بچوں کے لئے مختلف اسکیمیں وضع کی گئی ہیں ۔ ہماری ریاستی حکومت بھی ہمیشہ صفائی کرمچاریوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ صفائی کرمچاریوں کے بچوں کی تعلیم کے سلسلے میں تعاون دینے کے لئے میں خود ہمیشہ تیار ہوں ۔ اس کے علاوہ ان بچوں کی کسی بھی قسم کی اعلیٰ تعلیم کے لئے میری طرف سے پورا تعاون کیا جائے گا ۔
اس موقع پر ٹی ایم سی اور جالی پٹن پنچایت کی طرف سے وزیر منکال وئیدیا کی تہنیت کی گئی ۔ اس دوران وزیر موصوف نے ٹی ایم سی اور جالی پٹن پنچایت کے 70 ملازمین کو سرکار کی طرف سے خصوصی الاونس کے چیک تقسیم کیے ۔
صفائی کرمچاری دن کے حوالے کے سے بلدیاتی ملازمین کے بیچ تفریحی مقابلے اور ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے گئے ۔
جالی پٹن پنچایت کی صدر قاضیا افراء، نائب صدر سید عمران لنکا، بھٹکل ٹی ایم سے نائب صدر الطاف کھروری نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔ ٹی ایم سی کے چیف آفیسر نیلکنٹھا میستا نے اسقبال کیا ۔ انجینئر وینکٹیش ناووڈ نے تعارفی کلمات کہے ۔ جالی پٹن پنچایت چیف آفیسر منجپّا این نے شکریہ ادا کیا ۔