بنگلور، 3فروری (ایس او نیوز) ریاست کے دارالحکومت بنگلور میں کوگلو کراس سگنل پر دن دہاڑے فائرنگ کے ایک واقعہ میں دو افرادزخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ ٹریفک سگنل کے پاس کار میں جا رہے داساناپورا ایگریکلچرل پروڈیوس مارکیٹنگ کمیٹی (اے پی ایم سی) کے صدر کاداباگیري سرانیواس اور ان کے ڈرائیور مورتی پر دو موٹر سائیکل سوار بدمعاشوں نے فائرنگ کی جس میں دونوں زخمی ہو گئے۔بنگلور (شمال مشرقی) کے پولیس ڈپٹی کمشنرہرشا نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ متاثرین پر چھ راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ پولیس ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بدمعاشوں نے شری نواس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔پولیس ڈپٹی کمشنر کے مطابق شری نواس کے خلاف 13 مقدمات زیر التوا ہیں۔ شری نواس ابھی حال ہی میں بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اس حملے کے پیچھے سیاسی مقصدہو سکتا ہے۔