نئی دہلی، 7؍ فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے اپنی فاتحانہ مہم جاری رکھتے ہوئے آٹھویں لیگ میچ میں نیوزی لینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ہندوستانی ٹیم نے 137 رنز کا ہدف محض 9 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 140 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ ہندوستان کی طرف سے کپتان اجے کمار ریڈی نے ناٹ آؤٹ 75 اور سکھرام مانجھی نے ناٹ آؤٹ 56 رنز بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے واحد وکٹ اقبال جعفر کا گرا۔ جنہیں میاسیل نے بولڈ کیا۔ جعفر اکاؤنٹ بھی نہیں کھول پائے۔ اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ اس وقت الٹا پڑ گیا جب نیوزی لینڈ کے 5 وکٹ محض 57 رن پر گر گئے، اس کے بعد بی ڈی ولسن کے 52 اور میاسیل اور دکن ڈن کے 13۔13 رنز کی بدولت نیوزی لینڈ کی ٹیم 136 رنز کا اسکور بنانے میں کامیاب رہی۔ہندوستان کی طرف سے اقبال جعفر نے 2 اور کیتن پٹیل نے 1 وکٹ لیا۔ نیوزی لینڈ کے 3 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔