نئی دہلی،3؍فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے پانچویں لیگ میچ میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹ سے روند دیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹ کے نقصان پر 157 رنز کا اسکور بنایا۔ 158 رنز کے ہدف کو ہندوستانی ٹیم نے صرف 13.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہندوستان کی طرف سے اقبال جعفر نے ناٹ آؤٹ 54 رنز اور محمد فرحان نے ناٹ آؤٹ 59 رنز بنائے۔ ہندوستان کی طرف سے واحد وکٹ درگا راؤ کا گرا۔ درگا نے 19 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد وکٹ ایفریم مٹھبو نے لیا۔ اس سے پہلے جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی اور صرف 2 رنز پر وینکٹیشور راؤ نے ایپفیم مٹھبو کو چلتا کیا۔ مٹھبو نے 1 رن بنایا۔ 70 تک پہنچتے پہنچتے جنوبی افریقہ کے 5 وکٹ گر گئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے صرف ڈیوڈ لیڈر ہی کچھ سنبھل کر کھیل سکے اور ناقابل شکست 42 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 157 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستان کی طرف سے گنیش بابوبھا نے 2 اور وینکٹیشور راؤ اور سونو گولہر نے 1۔1 وکٹ لیا۔