ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / باپ کی سڑی گلی لاش کے ساتھ بے ہوشی کی حالت میں بیٹی پانچ دن تک زندہ رہی!

باپ کی سڑی گلی لاش کے ساتھ بے ہوشی کی حالت میں بیٹی پانچ دن تک زندہ رہی!

Wed, 19 Oct 2016 21:05:20    S.O. News Service

اڈپی19؍اکتوبر (ایس او نیوز) بائیلور کی این جی او کالونی میں باپ کی سڑی گلی لاش کے ساتھ اس کی بیٹی بے ہوشی کی حالت میں پانچ دن تک معجزاتی طور پر زندہ رہنے کا ایک واقعہ سامنے آیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق این جی کالونی میں اننتا پجاری (۶۵سال)کے اڑوس پڑوس کے لوگوں نے دیکھا کہ پانچ دنوں سے اس کے گھر کا دروازہ بند ہے اور لائٹ مسلسل جل رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اندر سے ناقابل برداشت بدبو بھی آرہی ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے لوگوں نے گھر کا دروازہ توڑا تو اندر ایک بستر پر اننتا پجاری کی انتہائی سڑی گلی لاش پڑی ہوئی تھی اور اس کے بازو میں ہی اس کی طلاق شدہ بیٹی ونوتا (۳۲ سال)بھی بے جان پڑی ہوئی دکھائی دی ۔ بظاہر یہ اجتماعی خود کشی کا معاملہ نظر آرہا تھا۔امبلپاڈی کے ویشو شیٹی کو اس خودکشی کی خبر دی گئی تو وہ اپنے ساتھ ڈسٹرکٹ اسپتال کے انّپا کو لے کر اس مقام پر پہنچا۔ لیکن گھر میں گھستے ہی بدبو کی شدت سے وہ لوگ قئے کرنے لگے۔پھر خوب عطر وغیرہ چھڑک کر دونوں لاشوں کو اٹھانے کی کوشش کی گئی تو سب لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ونوتا کی سانس چل رہی تھی اور وہ بے ہوشی کی حالت میں تھی۔فوری طور پر اسے منی پال اسپتال منتقل کیا گیا جہاں آئی سی یو میں اس کا علاج کیاجارہا ہے۔ جبکہ اننتا پجاری کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ اسپتال بھیجا گیا ہے۔
اننتا کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کی ملازمت سے ریٹائر ہوا تھااوردو سال پہلے اس کی بیوی کا انتقال ہوگیا تھا جس کے بعد گھر میں باپ اور بیٹی دونوں تنہا ہی رہتے تھے۔اننتا پجاری کی موت کیسے واقع ہوئی او ر اس کی بیٹی کی اس طویل بے ہوشی کا سبب کیا ہے اس بارے میں فی الحال کوئی تفصیل معلوم نہیں ہوئی ہے۔
 

 


Share: