ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بابری کیس:سب سے بزرگ فریق محمد ہاشم انصاری کا انتقال

بابری کیس:سب سے بزرگ فریق محمد ہاشم انصاری کا انتقال

Wed, 20 Jul 2016 17:33:27    S.O. News Service

ایودھیا، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا ) بابری مسجدمعاملہ کے سب سے بزرگ پیروی کارمحمدہاشم انصاری کادل سے متعلق بیماریوں کے چلتے آج صبح انتقال ہوگیا۔ان کے بیٹے اقبال نے بتایاکہ95سالہ انصاری نے آج علی الصباح اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔انصاری دسمبر 1949سے بابری مسجد معاملہ سے منسلک تھے۔وہ سنی مرکزی وقف بورڈ کی طرف سے فیض آباد عدالت میں دائربابری مسجد کیس کے مقدمے میں1961میں کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ اہم مدعی بنے تھے۔ہاشم انصاری کے علاوہ محمدفاروق،شہاب الدین، مولانانثاراورمحمودصاحب اس معاملے میں مدعی ہیں۔انصاری فیض آبادعدالت میں یہ معاملہ دائرکرانے والے پہلے شخص تھے۔


ہاشم انصاری کی جہدمسلسل اورایمانی پختگی آنے والی نسل کیلئے نمونہ:مولانامحمدولی رحمانی
بابری مسجدکیس کے معمرترین فریق کے انتقال پرآل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈکااظہارِتعزیت

مسلمانوں کی طرف سے بابری مسجدمقدمہ کے اہم فریق جناب محمد ہاشم انصاری صاحب کے حادثہ وفات پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے فون پراپنے دلی رنج و الم کا اظہارکرتے ہوئے فرمایاکہ ہاشم انصاری صاحب نے خانہ خدا کی حفاظت اور قانونی لڑائی میں جس طرح اپنی پوری زندگی وقف کردی وہ آنے والی نسلوں کیلئے ایک نمونہ ہے، ہاشم صاحب کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ وہ قانونی لڑائی میں کبھی پیچھے نہ ہٹے کئی موقعوں پران کے ایمان وضمیر کاسوداکرنے کی بھی کوشش کی گئی مگروہ تھے کہ بڑی سے بڑی پیشکش کو یک لخت آن واحدمیں بارہاٹھکرایااور فقر و فاقہ کی زندگی کو ترجیح دی، لیکن کبھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا، ان خوبیوں سے ان کے ایمان و اعتماد کا بخوبی پتہ چلتاہے، آپ نے فرمایا کہ ان کی آخری خواہش تھی کہ ان کی زندگی میں ہی بابری مسجد کی دوبارہ ازسر نو تعمیر کا کوئی راستہ نکل جائے، مگر ایسا نہ ہوسکا، اللہ تبارک و تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے اور دنیا میں کی گئی ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے اور آخرت میں بہتر سے بہتر بدلہ عطا فرمائے۔مرکزی دفتر مسلم پرسنل لا بورڈ دہلی میں آفس سکریٹری مولانا محمد وقارالدین لطیفی صاحب کی صدارت میں ایک تعزیتی نشست منعقد کی گئی جسمیں ان کی وفات کو ایک عظیم قومی و ملی حادثہ قرار دیتے ہوئے مولاناوقارالدین لطیفی صاحب نے کہا کہ بابری مسجد کے معاملہ کو اول دن سے آپ نہ صرف دیکھ رہے تھے بلکہ آخر وقت تک قانونی لڑائی بھی لڑرہے تھے، الہ آباد ہائی کورٹ کے لکھنؤ بنچ کے فیصلہ سے کافی مایوس رہے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ان کی طرف سے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے اور قانونی پیروی کررہا ہے۔اس تعزیتی نشست میں مولانا تبریز عالم صاحب اورمولانا ارشد عالم صاحب نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے ہاشم صاحب کے حادثہ وفات کو ملت اسلامیہ ہندیہ کیلئے عظیم خسارہ قرار دیا۔ اور اس نشست میں مولانا تبریز عالم صاحب اور مولانا ارشد عالم صاحب،مولاناممتازعالم صاحب اور جناب شمشیر عالم صاحب شریک ہوئے۔


Share: