ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایس ایم کرشنا کے استعفیٰ سے کانگریس کو نقصان: پرمیشور

ایس ایم کرشنا کے استعفیٰ سے کانگریس کو نقصان: پرمیشور

Tue, 31 Jan 2017 10:43:04    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جنوری(ایس اونیوز) ریاستی وزیر داخلہ اور کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ اور سینئر کانگریس لیڈر ایس ایم کرشنا کے کانگریس چھوڑ دینے سے کانگریس پارٹی کو وقتی طور پر دھکا ضرور لگا ہے ، پارٹی کے تمام سینئر لیڈراس کے اثرات کو کم کرنے کیلئے متحد ہوکر آنے والے انتخابات کا سامنا کریں گے اور 2018 میں دوبارہ ریاست میں کانگریس کو برسر اقتدار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم کرشنا کے اچانک پارٹی چھوڑ دینے سے سب کو دکھ ضرور ہوا ہے، لیکن پارٹی نے ان کے ساتھ کبھی کوئی ناانصافی نہیں کی، آج بھی انہیں پارٹی کے ایک قد آور رہنما کے طور پر دیکھا جاتاہے۔ انہوں نے ایس ایم کرشنا سے گذارش کی کہ اب بھی وہ اپنا فیصلہ تبدیل کرسکتے ہیں۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ پارٹی اعلیٰ کمان سے اس سلسلے میں وہ ایک بار پھر بات چیت کریں گے اور اعلیٰ کمان کی طرف سے ایس ایم کرشنا کے ساتھ بات چیت کی جائے گی۔ آج کے پی سی سی دفتر میں یوم سروو دیا تقریبات کے بعد انہوں نے کہاکہ پارٹی میں چھوٹے موٹے مسائل ضرور ہیں ، لیکن ایس ایم کرشنا کی سینیارٹی اور تجربے کے مقابل یہ بہت چھوٹے ہیں ، اس بات کو اگر بنیاد بنا کر ایس ایم کرشنا نے پارٹی چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا ہے تو یہ درست نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی صدر سونیاگاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی ممکن ہے کہ اس سلسلے میں کرشنا سے بات کریں ، جس کے بعد سب کچھ ٹھیک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے بعض سینئر لیڈروں میں جو شکایات ہیں ان کا ازالہ کرنے کیلئے تمام لیڈروں کی ایک میٹنگ طلب کی جائے گی، تاکہ آنے والے انتخابات کا متحد ہوکر سامنا کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم کرشنا کے استعفیٰ کی نجی وجوہات چاہے جو بھی ہوں ، لیکن کانگریس پارٹی کیلئے وہ ایک اثاثہ ہیں ، اسی لئے انہیں اپنا فیصلہ بدلنے پر غور کرنا چاہئے۔ یکم فروری کو مرکزی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے بجٹ سے توقعات کے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کی طرف سے بہت ساری توقعات ہیں، خاص طور پر ریاست کا بیشتر حصہ خشک سالی کی لپیٹ میں ہے، اسی لئے ریاستی حکومت چاہتی ہے کہ مرکزی حکومت کرناٹک کو زیادہ سے زیادہ امداد فراہم کرے ، اس کے علاوہ نوٹ بندی کی وجہ سے ملک کا معاشی نظام درہم برہم ہے، اس کو سدھارنے کیلئے مرکزی حکومت کو ٹھوس قدم اٹھانے ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ کالے دھن اور حوالہ پر روک لگانے کیلئے مرکزی حکومت کی طرف سے جو بھی قدم دیانتداری سے اٹھایا جائے گا، کانگریس اس کا ساتھ دے گی، لیکن نوٹ بندی کی وجہ سے عام آدمی کو حکومت نے جن مشکلات میں ڈالا ہے پہلے ان مشکلات سے باہر نکالا جائے۔


Share: