بنگلورو،4؍فروری(ایس او نیوز) سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا نے دعویٰ کیا کہ حال ہی میں کانگریس کو خیر باد کہنے والے سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا نے بی جے پی میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی ہے ، اور ایک آدھ ہفتہ میں کسی بھی وقت بی جے پی میں ان کی باضابطہ شمولیت ہوجائے گی۔ آج کلبرگی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ بی جے پی میں شمولیت کے سلسلے میں کرشنا نے پارٹی قیادت سے ایک دورکی بات چیت مکمل کرلی ہے۔ دوسرے دور کی بات چیت کے مرحلے میں وہ پارٹی کا حصہ بن جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم کرشنا نے بلا شرط بی جے پی میں شمولیت پر آمادگی ظاہر کی ہے ، لیکن ان کے مقام اور مرتبے کا لحاظ کرتے ہوئے ممکن ہے کہ پارٹی کی طرف سے مرکزی سطح پر کوئی اہم ذمہ داری انہیں سونپی جائے۔ یڈیورپا نے کہاکہ حال ہی میں ایک اور سینئر کانگریس رہنما وی سرینواس پرساد نے کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی، اب ایس ا یم کرشنا کی بی جے پی میں شمولیت سے ریاست میں کانگریس کی کمر ٹوٹ جائے گی اور بی جے پی کو غیر معمولی قوت ملے گی۔ کونسل کے اپوزیشن لیڈر ایشورپا کی سنگولی راینا برگیڈ کے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ ان کے اور ایشورپا کے درمیان اختلافات اب ایک بند باب ہے۔ پارٹی قائدین کی موجودگی میں ہوئی بات چیت کے دوران سارے مسئلے کو سلجھایا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایشورپا کو اعلیٰ کمان نے پسماندہ طبقات کو منظم کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ 12؍ فروری کو بنگلور میں بی جے پی کی طرف سے ایک بہت بڑا جلسۂ عام صرف پسماندہ طبقات کیلئے منعقدکیا جارہا ہے، جس میں ایشورپا کے ہمراہ وہ خود بھی شریک رہیں گے۔ مرکزی حکومت کی طرف سے پیش کئے گئے بجٹ کو کرناٹک کیلئے انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ حیدرآباد۔کرناٹک کے کلبرگی علاقہ میں ریلوے ڈویژنل آفس کا قیام اور یہاں کے کاشتکاروں کی اہم فصل تور دال کیلئے تائیدی قیمت کااعلان خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان دونوں اعلانات کو جلد از جلد عملی شکل دینے کیلئے مرکزی وزیر ریلویز سریش پربھو اور وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ سے نمائندگی کی جائے گی۔