ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ایس ایم کرشنا بی جے پی میں شامل ہونے پر آمادہ،داماد کیلئے راجیہ سبھا سیٹ کی شرط، کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ اچانک نہیں لیا گیا

ایس ایم کرشنا بی جے پی میں شامل ہونے پر آمادہ،داماد کیلئے راجیہ سبھا سیٹ کی شرط، کانگریس چھوڑنے کا فیصلہ اچانک نہیں لیا گیا

Wed, 01 Feb 2017 10:44:54    S.O. News Service

بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) کانگریس کو خیر باد کہنے والے سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا نے بی جے پی میں شمولیت کیلئے سیاسی سودے بازی شروع کردی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ سابق وزیراعلیٰ نے زعفرانی پارٹی پر یہ شرط رکھی ہے کہ بی جے پی نے اگر ان کے داماد سدھارتھ کو راجیہ سبھا کیلئے نامزد کیا تو وہ بی جے پی میں آنے تیار ہیں۔ بتایاجاتاہے کہ زعفرانی پارٹی نے بھی سابق وزیراعلیٰ کی شرط کو منظور کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے اور بہت جلد باضابطہ کرشنا بی جے پی کا حصہ بن جائیں گے۔ بتایا جاتاہے کہ بی جے پی کے ایک قومی لیڈر نے ایس ایم کرشنا سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اگر بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے تو ان کے داماد کو راجیہ سبھا کی رکنیت دی جائے گی۔حالانکہ کانگریس سے ایس ایم کرشنا کے اچانک استعفیٰ نے کانگریس کے حلقوں کو حیرت میں ڈال دیا، لیکن بتایاجاتاہے کہ بی جے پی کے ساتھ ایس ایم کرشنا کی سودے بازی پچھلے چند دنوں سے جاری تھی۔ راجیہ سبھا کیلئے سدھارتھ کو نامزد کرنے کی یقین دہانی کے بعد ہی ایس ایم کرشنا نے کانگریس سے اپنے استعفیٰ کا مکتوب سونیا گاندھی کو روانہ کیا۔ بتایاجاتاہے کہ 8نومبر کو جب وزیراعظم مودی نے نوٹ بندی کا اعلان کیا تو اس کے فوراً بعد ہی ایس ایم کرشنا کو بی جے پی میں لانے کے عمل کی شروعات ہوگئی تھی۔، منگلور میں سابق وزیراعلیٰ نے بی جے پی کے ایک سینئر وزیر سے ملاقات کی اور ان کے ذریعہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شا اور پھر وزیراعظم نریندر مودی سے بات کی۔ کانگریس سے استعفیٰ دینے کرشنا کے فیصلے کے بعد خود امیت شا اور مودی نے ان کے فیصلے کا خیر مقد م بھی کیا ہے۔ بتایا جاتاہے کہ ان دونوں نے ایس ایم کرشنا سے کہا ہے کہ فی الوقت کانگریس میں ان کے جو اقرباء ہیں ان کو بھی اپنے ساتھ بی جے پی میں لائیں ، بی جے پی ان کی سیاسی طور پر باز آباد کاری کیلئے مناسب قدم اٹھائے گی۔ ان تمام یقین دہانیوں کے بعد سابق وزیراعلیٰ جب مطمئن ہوگئے کہ بی جے پی ان کے داماد اور دیگر ساتھیوں کی باز آباد کاری پر آمادہ ہے تو انہوں نے اپنے استعفیٰ کا اعلان کردیا۔ بتایاجاتاہے کہ ایس ایم کرشنا کو ریاستی لیڈروں سے کوئی شکایت نہیں ہے، بلکہ انہیں شکایت ہے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی سے ، ان کا ماننا ہے کہ راہول گاندھی نے ان کی سینیارٹی کا لحاظ نہیں کیا۔ وہ چاہتے تھے کہ پچھلی یو پی اے حکومت میں کم از کم پانچ سال کی مدت تک وزیر خارجہ رہیں، لیکن درمیان میں ہی انہیں ہٹا دیا گیا۔اسی وقت انہوں نے کانگریس چھوڑنے کا ارادہ کرلیا تھا، لیکن خاموش رہ گئے۔ایس ایم کرشنا کی بی جے پی میں شمولیت کیلئے پلاٹ فارم تیار کرنے میں ان کے داماد سددھارتھ کلیدی کردار اداکررہے ہیں۔ بی جے پی کے اہم لیڈران بشمول یڈیورپا سے سدھارتھ نے ہی بات چیت کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی لیڈروں کے ساتھ ایک اور دور کی بات چیت کے فوراً بعد ایک آدھ ہفتہ کے اندر کرشنا باضابطہ بی جے پی کا حصہ بن جائیں گے۔ دہلی کے بی جے پی دفتر میں امیت شا اور وزیر اعظم مودی کی موجودگی میں کرشنا بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے۔


Share: