ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / انابھاگیہ اسکیم کے تحت راشن کی مقدار میں اضافہ : سدرامیا

انابھاگیہ اسکیم کے تحت راشن کی مقدار میں اضافہ : سدرامیا

Wed, 01 Feb 2017 10:37:16    S.O. News Service

بنگلورو،31؍جنوری(ایس او نیوز) انا بھاگیہ اسکیم کے تحت فراہم کئے جانے والے خوردنی اناج کی مقدار میں اضافہ کرنے کا وزیر اعلیٰ سدرامیا نے اعلان کیا۔ آج ودھان سودھا کے بینکویٹ ہال میں بی پی ایل اور انتھیودیا راشن کارڈوں کیلئے رعایتی قیمتوں پر مٹی کے تیل کی فراہمی اور دالوں کی فروخت کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فی الوقت انا بھاگیہ اسکیم کے تحت پانچ کلو چاول مہیا کرائے جارہے ہیں، یکم اپریل سے اس کی مقدار میں اضافہ کیا جائے گا۔ سدرامیا نے کہا کہ ریاست کرناٹک کو بھوک سے مکمل طور پر آزاد قرار دینے کیلئے انا بھاگیہ اسکیم رائج کی گئی ۔ حکومت کا مقصد یہی ہے کہ ریاست کا کوئی شہری غربت کی وجہ سے ایک وقت کے کھانے سے بھی محروم نہ رہے، اسی مقصد کیلئے انا بھاگیہ اسکیم متعارف کروائی گئی۔ محکمۂ شہری رسد وخوراک نے رعایتی قیمتوں پر چاول کی بجائے مستحقین کو نقد رقم دینے کے سلسلے میں غور کیا تھا، لیکن اب اس اسکیم کو اور بھی مضبوط کرتے ہوئے حکومت نے راشن کی مقدار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ نقد رقم تقسیم کرنے کی بجائے مطلوبہ مقدار میں اناج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اس ضمن میں انہوں نے وزیر شہری رسد وخوراک یوٹی قادر کو ہدایت جاری کردی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تجرباتی طور پر بعض مقامات پر نقد رقم کی تقسیم کی گئی ، لیکن اس پر عوامی ردعمل اطمینان بخش نہیں رہا۔ وزیراعلیٰ نے بتایاکہ ریاست میں انا بھاگیہ ، کشیرا بھاگیہ اور دیگر فلاحی اسکیموں کے نفاذ کے بعد مقوی غذا کی کمی کے سبب ہونے والی اموات کی شرح میں کافی کمی آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے محکمۂ شہری رسدوخوراک کے افسران کو تاکیدکی کہ بی پی ایل راشن کارڈ صرف اہل خاندانوں کی نشاندہی کرکے انہیں فراہم کئے جائیں۔ ان کارڈوں کی فراہمی کے مرحلے میں غریبوں سے ناانصافی نہ ہونے پائے یہ یقینی بنایا جائے۔ تقریب میں وزیر شہری رسد وخوراک یو ٹی قادر اور دیگر اعلیٰ افسران ، کے ایف سی ایس سی چیرمین شفیع اﷲ ، نائب چیرمین سرینواس اور دیگر موجود تھے۔


Share: