امریکہ کے برمنگھم میں واقع البامہ میں ایک افسوسناک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 4 افراد ہلاک اور کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ سنیچر کی رات پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ برمنگھم پولیس نے 'ایکس' پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں اور اس واقعہ میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ یہ فائرنگ شہر کے فائیو پوائنٹس ساؤتھ علاقے میں ہوئی، جہاں میڈیا رپورٹ کے مطابق کم سے کم 4 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے ۳؍ کی موت موقع پر ہی ہوئی جبکہ چوتھے کو اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔
’اے بی سی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس کو رات کے قریب۱۱؍ بجے اس واقعہ کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس نے جائے حادثہ پر پہنچنے کے بعد زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ برمنگھم فائر اینڈ ریسکیو نے۸؍ لوگوں کو اسپتال میں پہنچانے کی رپورٹ دی ہے۔ ان میں ۴؍ افراد شدید طور پر زخمی ہیں۔ افسران کے مطابق درجنوں زخمیوں کو شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ برمنگھم پولیس اور فائر بریگیڈ دستہ فائیو پوائنٹس ساؤتھ علاقے میں ہوئے اس فائرنگ واقعہ کی تفتیش میں لگ گیا ہے۔ ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ کلب کے سرپرست میگنولیا ایونیو پر حقہ اور سگار لاؤنج کے باہر لائن میں کھڑے تھے تبھی فائرنگ شروع ہو گٓئی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ گولیوں کی آواز ایسی لگ رہی تھی کہ جیسے یہ آٹومیٹک بندوق ہے جس سے مسلسل فائرنگ ہو رہی تھی۔ امریکی افسران کا ماننا ہے کہ اس گولی باری کے واقعہ کو کئی شوٹروں نے مل کر انجام دیا ہے۔ اس سلسلے میں ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔