ممبئی 30/اکتوبر (ایس او نیوز) مشہور و معروف اسلامی مبلغ اور پیس ٹی وی کے مقررڈاکٹر ذاکر نائک کے والد محترم ڈاکٹر عبدالکریم نائک آج ممبئی میں انتقال کرگئے۔ ان کی عمر 87 سال تھی۔ بتایا گیاہے کہ ضعف اور علالت کے سبب انہیں ایک ہفتہ قبل ہی مجگائوں کے پرنس علی خان اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جبکہ آج علی الصباح چار بجے وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ ان کی تدفین ناریل واڑی قبرستان میں اتوار کو ظہر کی نماز کے بعد عمل میں آئی جس میں بڑی تعداد میں اعزہ و رفقا اور شہر کی اہم اور نمایاں شخصیات شریک تھیں۔
مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
ڈاکٹر عبدالکریم نائک ایک بہترین سائیکولوجسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ عظیم انسان اور ملت کے سچے بہی خواہ تھے۔ مرحوم نے مسلمانوں کے ان تھک دینی،سماجی، علمی، اور طبی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے اپنے بیٹوں محمد نائک اور ذاکر نائک کو آگرچہ کہ طب کی تعلیم دلائی اور انہیں ڈاکٹر بنایا لیکن ملت کے تعلیمی یافتہ طبقے اور برادران وطن تک اسلام کا صحیح پیغام پہنچانے کے لئے دونوں بیٹوں کو دعوت و تبلیغ دین کے کام پر لگا دیا۔ خاص طور سے ذاکر نائک نے حضرت احمد دیدات رحمۃ اللہ علیہ سے تربیت حاصل کر کے تبلیغ میں مہارت حاصل کی اور دنیا کے اہم مبلغ دین قرار پائے۔
ان کے انتقال پرملک کی اہم شخصیات سمیت کئی اداروں کے ذمہ داروں نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔