کاروار ، 23 / ستمبر (ایس او نیوز) ضلع میں جرائم اور غیر قانوںی سرگرمیوں کی روک تھام میں عوام کا تعاون حاصل کرنے کے مقصد سے پولیس نے 'پبلک آئی' ایپ کا استعمال شروع کیا ہے۔
محکمہ پولیس کی طرف سے ایک کیو آر کوڈ جاری کیا گیا ہے جسے اسکین کرنے پر پبلک آئی ایپ، ضلع کنٹرول روم وہاٹس ایپ نمبر 8277988311 اور وہاٹس ایپ پیج کھل جاتا ہے۔ یہاں پر عوام کی جانب سے اپنے سامنے پیش آرہے جرائم کی تفصیلات یا جرائم اور غیر قانونی سرگرمیوں سے متعلق ان کے پاس موجود معلومات خفیہ طور پر محکمہ پولیس کے پاس پہنچا سکتے ہیں۔ وہاٹس ایپ نمبر پر معلومات کے علاوہ جرم یا مقام کی تصویر بھی بھیجی جا سکتی ہے جو دن رات 24x7 سوشیل میڈیا کی نگرانی کرنے والے سیل کے پاس پہنچ جائے گی اور وہاں سے ضلع ایس پی اور ضلع پولیس کنٹرول کو یہ معلومات روانہ کی جائے گی۔ اور پھر وہاں سے فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو کارروائی کے لئے ہدایات جاری کی جائیں گی۔
اس سلسلے میں خاص بات یہ ہے کہ اس ایپ کے ذریعے معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کا نام اور معلومات کو خفیہ رکھا جائے گا۔ اور معلومات حقیقت پر مبنی اور جرم روکنے کے سلسلے میں اس سے مدد ملنے پر متعلقہ معلومات فراہم کرنے والوں کو انعام بھی دیا جائے گا۔
ضلع پولیس ایس پی نارائین ایم کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگ جرم یا غیر قانونی سرگرمیوں کے تعلق سے پولیس کو معلومات دینے میں خوف کھاتے ہیں کہ کہیں تحقیقات کے لئے انہیں طلب نہ کیا جائے یا ان کا نام ظاہر ہو جائے گا اور الٹے ان کے لئے مسائل پیدا ہونگے۔ لیکن اب جو پبلک آئی ایپ ہے اس میں ایسا کوئی خدشہ نہیں ہے۔ پبلک آئی کے ذریعے ابھی تک 150 سے زیادہ شکایتیں درج کی جا چکی ہیں، جس میں جوئے بازی، غیر قانونی ریت سپلائی، میاں بیوی کے جھگڑے، پڑوسی کی طرف سے ہراسانی جیسے معاملے شامل ہیں۔ ایسے معاملوں میں فوری طور پر 112 کی ٹیم کو جانچ اور اقدام کرنے کے لئے روانہ کیا جاتا ہے۔ شکایت پر کی گئی کارروائی یا اس میں کارروائی نہ ہونے کے اسباب کے تعلق سے بھی شکایت کنندہ کو آگاہ کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑک پر وھیلنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف وزری، خواتین کے ساتھ بد سلوکی اور ہراسانی جیسے تمام معاملات اگر عوام اس ایپ کے ذریعے پولیس کو فراہم کریں گے تو اس پر فوراً کارروائی کی جا سکے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس اسٹیشن جانے پر عوام کے ساتھ بہتر رویہ اپنایا گیا اور ان کا کام اطمینان بخش طریقے پر ہوا یا نہیں یہ جاننے کے لئے ریاست کے ہر پولیس اسٹیشن میں 'جنا اسپندنا' کیو آر کوڈ لگایا گیا ہے۔ وہاں پولیس اسٹیشن کے نظام سے متعلقہ عوام اپنا تبصرہ درج کر سکتے ہیں۔