نئی دہلی، 19؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )اتراکھنڈ، اروناچل پردیش سمیت کچھ غیر این ڈی اے حکومت والی ریاستوں کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے اور گرانے کی سازش کرنے کے کانگریس کے الزامات کو سرے سے مسترد کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ اس میں بی جے پی کی کوئی کردار نہیں ہے بلکہ کانگریس پارٹی کے اندرونی بحران کی وجہ سے ایسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جہاں وہ پارٹی خود ہی ٹوٹ رہی ہے۔راج ناتھ نے کہا کہ منتخب حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی عادت کانگریس پارٹی کی رہی ہے اور آزادی کے بعد سے کانگریس پارٹی نے 105بار چنی ہوئی ریاستی حکومتوں کو گرانے کا کام کیا ہے۔لوک سبھا میں وقفہ صفر کے دوران کانگریس کے ملکاارجن کھڑگے طرف سے اس موضوع کو اٹھانے پر وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ اتراکھنڈ اور اروناچل پردیش کے واقعات افسوس ناک ہیں ۔کسی بھی ریاستی حکومت کو غیر مستحکم کرنا صحت مند روایت نہیں ہے، اس طرح کام صحت مند روایت کے خلاف ہے۔اتراکھنڈ اور اروناچل پردیش میں اس طرح کے حالات کا پیدا ہونا کانگریس کے اندرونی بحران کا نتیجہ ہے ۔اس سے بی جے پی کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی خود ہی ٹوٹ گئی، اس میں بی جے پی کا کوئی کردار نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کشتی میں سوراخ ہو تو سوراخ والی کشتی کو پانی میں نہیں اتار نا چاہیے ، نہیں تو وہ ڈوب جائے گی۔اس کے لیے پانی کو مجرم نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے۔وزیر داخلہ کے جواب سے غیر مطمئن کانگریس، راشٹریہ جنتا دل کے ممبران نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔