بنگلورو:25/ جولائی(ایس او نیوز) کم قیمت پر اعلیٰ معیاری الیکٹرانک اشیاء کی فراہمی کا جھانسہ دے کر ہزاروں لوگوں سے ان کے بینک کھاتوں کی تفصیلات حاصل کرکے انہیں دھوکہ دینے والی ایک ٹولی کو شہر کی سی آئی ڈی پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے اس کے کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔ بتایاجاتاہے کہ آن لائن فروخت کے ذریعہ خریداروں کو یہ کمپنی کم قیمت پر الیکٹرانک اشیاء کی فراہمی کا لالچ دیتی اور ان کے بینک تفصیلات حاصل کرکے بینکوں سے رقم نکال لی جاتی۔آج سی آئی ڈی کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں سی آئی ڈی کے ڈی جی پی کشور چندرا، اڈیشنل ڈی جی پر پرتاب ریڈی اور آئی جی پی چندر شیکھر نے اس گینک کی گرفتاری کے بارے میں تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایاکہ جھارکھنڈ کے بوکارو شہر کے کپل دیو سمن اور سورج کمار کو بنگلور میں گرفتار کیا گیا اور بعد میں ان کی اطلاع پر جھارکھنڈ میں سشیل کمار سمن اور بپلو کمار کو گرفتار کرلیاگیا۔ بتایاجاتاہے کہ یہ چاروں ملزمین چار الگ الگ ویب سائٹوں کے ذریعہ 600 سے زائد الیکٹرانک اشیاء کی فروخت کا لالچ دیتے، 30ہزار روپے مالیت کا ریفریجریٹر تین ہزار روپیوں میں اور ایک لاکھ روپے مالیت کا لیاپ ٹاپ آٹھ ہزار روپیوں میں دینے کے سلسلے میں گوگل اور فیس بک پر اشتہارات شائع کرتے۔اس اشتہار پر بھروسہ کرکے گاہکوں نے آن لائن خریداری کیلئے اپنی بینک تفصیلات ان کی سائٹوں پر درج کیں۔ مرحلہ وار اس ٹولی نے ایک ہزار گاہکوں سے زیادہ یکجا کرلئے اور ا ن میں سے ہر ایک کے کھاتے سے دو ہزار روپیوں کی رقم نکال لی گئی ہے۔ ابتدا میں ان لوگوں سے رابطہ کرنے والوں کی تعداد بہت کم تھی، تاہم مرحلہ وار ان کے لالچ میں بہت سارے لوگ آگئے، ان کے پاس سے سولہ ہزار بینک گاہکوں کی تفصیلات پولیس نے برآمد کی ہیں، جن لوگوں کو انہوں نے دھوکہ دیاتھا۔ 13جولائی کو بنگلور کے ایک ساکن نے سی آئی ڈی کی سائبر کرائم پولیس کو شکایت کی کہ 15مئی کو اس کے بینک اکاؤنٹ سے پانچ ہزار روپے اور پھر دو ہزار روپیوں کی رقم نکال لی گئی ہے، جبکہ اس نے کوئی بینک لین دین نہیں کیا ہے۔ پولیس نے جب اس سلسلے میں جانچ شروع کی تو پتہ چلا کہ جے پی نگر کی اسٹیٹ بینک آف انڈیا میں اجئے سنگھ نامی شخص کے کھاتے سے یہ رقم نکالی گئی ہے۔تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کپل دیو سمن نامی ملزم نے خود کو اجئے سنگھ بتاکر فرضی بینک کھاتہ کھولا اور آسانی سے یہ رقم نکال لی۔ جب ملزم بینک میں رقم لینے کیلئے پہنچا تو پولیس نے اسے گرفتار کرلیااور پوچھ تاچھ پر اس نے سورج کمار کا نام بھی بتایا۔ان دونوں سے پوچھ تاچھ کے دوران دیگر ملزمین بھی سامنے آئے۔ بتایاجاتاہے کہ بینک کھاتوں سے چرائی گئی رقم فوری طور پر بوکارو روانہ کردی جاتی۔ اس کے علاوہ یہ ٹولی جھارکھنڈ کے رانچی، بہار کے بودھ گیا، پٹنہ اور دیگر مقامات پر بھی سرگرم تھی۔ ان کے پاس سے 460موبائل سم کارڈ، پندرہ موبائل فون، لیاب ٹاپ، ہارڈ ڈسک، میموری کارڈ، ڈیٹا کارڈ، اصلی اور نقلی شناختی دستاویزات اور 16ہزار بینک گاہکوں کی تفصیلات برآمد کی گئیں۔ شہر کی پولیس نے آن لائن خریداروں کو متنبہ کیا ہے کہ غیر مصدقہ ویب سائٹوں پر خریداری سے گریز کریں اور کسی بھی غیر معتبر شخص کو اپنے بینک کھاتوں کی تفصیلات بغیر سوچے سمجھے فراہم نہ کریں۔