منگلورو 12؍جولائی (ایس او نیوز)ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈ ی جی پی) آلوک موہن کے بیان کے مطابق آر ایس ایس کارکن شرتھ مڈیوال کے قاتلوں کے سلسلے میں پولیس کو کچھ اہم سراغ ہاتھ لگے ہیں اور اس کی بنیاد پرجلد ہی قاتلوں کی گرفتاری عمل میں آئے گی۔
اے ڈی جی پی نے بنٹوال پہنچ کر حالات کا جائزہ لینے کے لئے پولیس افسران کی نشست منعقد کی۔میٹنگ کے اختتا م پر اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سولیا میں شرتھ کے قاتلوں کو گرفتار کیے جانے کی جو خبر اڑائی گئی ہے وہ غلط ہے۔ دراصل وہ کسی دوسرے معاملے کے ملزمین ہیں ۔ ان سے تفتیش جاری ہے۔آلوک موہن نے کہا کہ جس کسی نے بھی شرتھ کو قتل کیا ہے اسے گرفتار کرلیا جائے گا۔ کسی صورت میں بھی بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے مزید یہ بھی کہا کہ اپن انگڈی میں چاقو زنی کا جو معاملہ ہواہے وہ ہرگز فرقہ وارانہ نہیں ہے۔اب بارڈر چیک پوسٹ پر سختی کے ساتھ جانچ کی کارروائی ہورہی ہے اس کے بعد حالات میں بہتری آگئی ہے۔اے ڈی جی پی نے اس سے قبل مقتول شرتھ کی اس لانڈری پر جاکر معائنہ کیا جہاں اس پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی تھی۔
سوشیل میڈیا پر جھوٹی خبروں کی تشہیر پر قابو پانا ضروری ہے۔ ۔۔ آلوک موہن
جنوبی کینرا کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے منگلورو پہنچے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آلوک موہن نے کہا ہے کہ حالات کو پر امن بنانے کے لئے سوشیل میڈیا پر پھیلائی جارہی جھوٹی خبروں پر قابو پانا بہت ضروری ہوگیا ہے۔اور یہ ایک پیچیدہ مسئلہ بن کر سامنے آگیا ہے۔
اے ڈی جی پی نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے اور افواہیں اڑانے والوں کے ساتھ سختی اور بے مروتی کے ساتھ نپٹا جائے گا۔جب اخباری نمائندوں نے پوچھا کہ ہندتوا لیڈر ستیہ جیت سورتکل کے گھر پر اس کو گرفتار کرنے کے لئے چھاپہ کیوں مارا گیا تو اے ڈی جی پی نے کہا کہ ستیہ جیت کے خلاف پولیس کے پاس موجودٹھوس ثبوت اور دستاویز کی بنیا دپراسے گرفتار کرنے کے لئے چھاپہ مارا گیا تھا۔پولیس اپنی تحقیقات ثبوتوں کے ساتھ ہی آگے بڑھا رہی ہے۔باقی لوگوں کو بھی تلاش کرنے اور گرفت میں لینے کے لئے جال بچھایا گیا ہے۔۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ یونہی کسی بے گناہ کو گرفتار کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔
آلوک موہن نے کہا کہ بی جے پی کے احتجاجی مظاہرے کے لئے اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ضلع کے امن و امان کو بگاڑنے کی اجازت کسی بھی قیمت پر کسی کو بھی نہیں دی جائے گی۔چاہے کوئی بھی پارٹی ہو،ضرورت پڑنے پر اس کے خلاف قانونی کارروائی ضرور کی جائے گی۔اس سلسلے میں پولیس افسران کی ستائش کرتے ہوئے اے ڈی جی پی نے کہا کہ فساد کے دوران افسران نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور فساد مزید بڑھنے سے روکنے کا کام خوش اسلوبی سے کیا ہے۔ فساد کے سلسلے میں اب تک 17افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس میں کہیں بھی کسی بے گناہ کو تحویل میں نہیں لیا گیا ہے۔
اے ڈی جی پی کے اس دورے کے موقع پر مغربی زون کے آئی جی پی مسٹر ہری شیکھرن، ایس پی سدھیر ریڈی، ڈی وائی ایس پی رویش سی آر وغیرہ موجود تھے۔