بنگلورو،2؍مئی(ایس او نیوز) بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں میں شریک نہ ہونے کی سخت تاکید کی پرواہ کئے بغیر ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا نے 8؍ مئی کو منعقد ہونے والی برگیڈ کی میٹنگ میں شرکت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حالانکہ ریاستی بی جے پی انچارج جنرل سکریٹری مرلی دھر راؤ نے کل ایک اخباری بیان میں ایشورپا کو یہ تنبیہہ کی تھی کہ بی جے پی چھوڑ کر کسی بھی ادارہ یا تنظیم سے وابستگی کی قطعاً ضرورت نہیں ہے۔اس بیان کے فوراً بعد آج ایشورپا نے اعلان کیا کہ سنگولی راینا برگیڈ کی طرف سے 8؍ نومبر کو جو میٹنگ طلب کی گئی ہے، وہ ہر حال میں منعقد ہوگی اور وہ اس میٹنگ میں ضرور شریک ہوں گے۔ ایشورپا کے اس اعلان کے ساتھ بی جے پی اعلیٰ کمان کی طرف سے کسی بھی وقت ان کے خلاف کارروائی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔اس دوران رائچور میں اخبار ی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایشورپا نے کہاکہ ریاست میں پسماندہ طبقات کو منظم کرنے اور انہیں بی جے پی سے قریب لانے کیلئے سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہاکہ سنگولی راینا برگیڈ کی تشکیل دراصل ریاست میں بی جے پی کو برسر اقتدار لانے کیلئے کی گئی ہے۔اس برگیڈ کی بدولت ہی ریاست میں بی جے پی حکومت قائم ہوگی اور یڈیورپا وزیراعلیٰ بنیں گے۔ اس دوران بی جے پی لیڈروں نے ایشورپا پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے کانگریس کے ساتھ درپردہ مفاہمت کرلی ہے، اسی لئے وہ بی جے پی کو نقصان پہنچانے ہر طرح کے حربے آزمارہے ہیں۔پچھلے اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس نے یڈیورپا کا استعمال کیا اور ریاست کے اقتدار پر قابض ہوگئی، اب وہ ایشورپا کا استعمال کرکے اقتدار پر قبضہ برقرار رکھنے کی کوشش میں ہے۔ اس دوران ریاستی بی جے پی صدر یڈیورپا نے ایشورپا کی طرف سے سنگولی راینا برگیڈ کی مبینہ سرگرمیوں پر کچھ بھی بولنے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں اعلیٰ کمان کی طرف سے جو بھی فیصلہ اس ضمن میں لیا جائے گا اس کی پابندی ہر ایک کو کرنی ہوگی۔انہوں نے کہاکہ 6 اور7مئی کو میسور میں بی جے پی کی صوبائی مجلس عاملہ میٹنگ ہونے جارہی ہے۔اس میٹنگ میں تمام امور پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں بی جے پی امور کے انچارج مرلی دھر راؤ ، مرکزی وزیر نرملا سیتارامن ، اننت کمار ، سدانند گوڈا ، رمیش جگاجنگی اور دیگر اس میٹنگ میں موجود رہیں گے۔جس میں مقامی اور ضلعی سطح کے تمام امور پر تفصیل کے ساتھ بحث کی جائے گی۔ ریاستی حکومت پر اپنی نکتہ چینی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ حکومت کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت پر الزامات لگاکرحکومت اپنی ذمہ داریوں سے دامن بچانا چاہتی ہے، آنے والے دنوں میں کانگریس کی ناکامیوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 150سیٹوں پر کامیابی کا پورا یقین ظاہر کرتے ہوئے یڈیورپا نے کہاکہ اس کیلئے وہ ریاست بھر میں تمام اسمبلی حلقوں کا دورہ کریں گے۔ یڈیورپا نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ کسی بھی حال میں سنگولی راینا برگیڈ کی سرگرمیوں کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔