واشنگٹن ، 29جنوری (ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ایک امریکی عدالت نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اْس حکم کے خلاف ایک ایمرجنسی حکم امتناعی جاری کر دیا ہے جس کے تحت سات مسلمان ممالک کے مہاجرین اور شہریوں کو امریکا میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ نیویارک کی ایک عدالت کی طرف سے جاری کیا گیا عبوری حکم ان لوگوں کے حوالے سے ہے جو پہلے سے امریکا میں موجود ہیں یا وہ جو راستے میں ہیں۔ اس حکم کے مطابق جن لوگوں کے پاس قانونی ویزا موجود ہے وہ امریکا میں رہ سکتے ہیں۔ امریکا کی سول لبرٹیز یونین ACLU کی طرف سے یہ مقدمہ دو عراقی شہریوں کی طرف سے نیویارک کی عدالت میں دائر کیا گیا تھا، جنہیں نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اب ایک اور عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ آیا حکم امتناعی کو مستقل کیا جائے۔