کاروار ،15/ جنوری (ایس او نیوز) شیئر مارکیٹ میں سرمایہ کاری، پارٹ ٹائم روزگار، ورک فرام ہوم، آن لائن شاپنگ ایپ، آن لائن ٹریڈنگ یا پھر گرفتاریوں [ڈیجیٹل اریسٹ] کی دھمکیاں دے کر سائبر فراڈ کے ذریعے لوٹ مچانے کا جو سلسلہ ہر طرف چل رہا ہے اس کا شکار اتر کنڑا کے افراد بھی ہوئے جن سے سال 2024 کے دوران 4.58 کروڑ روپے لوٹے گئے ۔
ضلع اتر کنڑا میں گزشتہ سال سائبر فراڈ کے جو اعداد و شمار سامنے آئے ہیں اس میں لوٹی گئی جملہ رقم 4,75,84,714 روپے کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ یہاں ہر دن 1.25 لاکھ روپے فریب کاروں کی طرف سے لوٹے جا رہے ہیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سائبر فراڈ پر قابو پانے کی کوشش تیز کر دی گئی ہے اور تفتیشی نظام میں بہتری لائی گئی ہے جس کی وجہ سے گزشتہ لوٹی گئی جملہ رقم میں سے 55,13,894 روپے ضبط کرنے میں پولیس کامیاب ہوئی ہے ۔
اعداد و شمار کا جائزہ بتاتا ہے کہ سائبر فراڈ کا شکار ہونے والوں میں زیادہ تر شئیر مارکیٹ میں سرمایہ کاری اور دلکش شرح منافع کا لالچ دے کر لوٹے گئے ہیں لوگوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے ۔ اس زمرے میں لوگوں نے 89.44 لاکھ روپے، 70 لاکھ روپے، 50.70 لاکھ روپے جیسی موٹی رقمیں گنوائی ہیں ۔ آن لائن ٹریڈنگ، اسکالپنگ، سونگ ٹریڈنگ، ڈیلیوری ٹریڈنگ، میوچیول فنڈ، جیسے دلکش ناموں کے ساتھ سائبر دھوکہ دہی کا شکار ہونے والوں میں پڑھے لکھے، گنوار، امیر، غریب سب قسم کے لوگ شامل ہیں ۔ محکمہ پولیس کی طرف سے عوام میں بیداری لانے اور سائبر فراڈ سے دور رکھنے کی تمام تر کوششوں کے باوجود روزانہ کوئی نہ کوئی اس فریب کاروں کے اس جال میں پھنس جاتا ہے اور اپنی رقم سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے ۔