کاروار، 6 نومبر (ایس او نیوز): حکومت کرناٹک نے اُتر کنڑا ضلع کی ڈپٹی کمشنر کے۔ لکشمی پریا سمیت چار آئی اے ایس افسران کے تبادلوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق کے۔ لکشمی پریا کو گریٹر بنگلورو اتھارٹی (GBA) میں اسپیشل کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ان کی جگہ بھوئیر ہرشل نارائن راؤ کو اُتر کنڑا ضلع کا نیا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
کے۔ لکشمی پریا (IAS 2015) کو گریٹر بنگلورو اتھارٹی میں اسپیشل کمشنر (FECC، انتخابات، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، پبلک ریلیشنز اور کوآرڈینیشن) کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہیں یہ تقرری موجودہ خالی عہدے پر دی گئی ہے۔
ان کی جگہ مقرر کیے گئے بھوئیر ہرشل نارائن راؤ (IAS 2016) اس سے قبل بنگلورو میں محکمہ پرسنل اینڈ ایڈمنسٹریٹیو ریفارمز کے تحت الیکٹرانک ڈلیوری آف سٹیزن سروسز (EDCS) اور ای گورننس ڈویژن کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہیں فوری اثر سے اُتر کنڑا ضلع کا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
اسی حکم نامے کے تحت شیموگہ کے ڈپٹی کمشنر پربھولنگ کووالیکٹی (IAS 2013) کا تبادلہ کرکے انہیں بنگلورو میں محکمہ اسکولی تعلیم کا کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ ان کی جگہ کرناٹک اسکول ایگزامینیشن اینڈ ایویلیوایشن بورڈ کے صدر پرکاش جی ٹی نٹالی (IAS 2018) کو شیموگہ کا نیا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ پر تاریخ غالباََ ٹائپنگ کی غلطی کی وجہ سے 6 نومبر کے بجائے 6 اکتوبر 2026 درج ہوئی ہے۔