کاروار، 8 / جنوری (ایس او نیوز) اتر کنڑا ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ریوینیو کو ہدایت دی ہے کہ ماحولیاتی طور پر حساس علاقے میں عمارتوں کی تعمیر یا دیگر سرگرمیوں کے لئے اجازت دینے سے قبل تحریری طور پر متعلقہ ژون کے ڈپٹی کنزرویٹر آف فاریسٹ کی رائے ضرور لی جائے ۔
ضلع ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا نے محکمہ مالگزاری اور محکمہ جنگلات کے افسران کے ساتھ اپنے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کے دوران ضلع کے تمام تحصیلداروں کو یہ ہدایت دی ہے ۔
ڈی سی نے بتایا کہ کالی ندی ریزرو فاریسٹ، شراوتی کنیوے، اتیویری پکشو دھام کو ماحولیاتی طور پر حساس علاقے قرار دیا گیا ہے ۔ ان علاقوں میں جس قسم کی تعمیرات پر لازمی پابندی ہے، اجازت کے ساتھ جس قسم کی تعمیرات کی جا سکتی ہیں، اس سلسلے میں تمام تفصیلات متعلقہ علاقوں کے محکمہ جنگلات کے افسران سے حاصل کرنے کے بعد جہاں ضروری ہو وہاں تعمیرات کی اجازت دینا چاہیے ۔
کینرا سرکل کے چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ وسنت ریڈی نے کہا کہ ضلع میں 79% سے 80% جنگلاتی علاقہ ہے ۔ اس میں مغربی گھاٹ پر خصوصی حیاتیاتی تنوع پایا جاتا ہے ۔ اسے بچائے رکھنے کے لئے محکمہ جنگلات اور محکمہ مالگزاری کو باہمی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیے ۔ محکمہ مالگزاری کے بہت سارے دستاویزات میں محکمہ جنگلات کو سرکاری زمین کے طور رکھا گیا ہے ۔ ایسے معاملوں میں محکمہ جنگلات کے ساتھ مشترکہ جائزہ لینے کے بعد ضروری ترمیمات کی جانی چاہیے ۔
اس میٹنگ میں زرعی زمین، جنگلاتی زمین، 1978 سے قبل کا اتی کرم سکرم جیسے موضوع پر کھل کر بحث کی گئی ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا کے علاوہ ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرس اور تحصیلدار موجود تھے ۔