بھٹکل، 31 مئی (ایس او نیوز): بھٹکل سمیت اترکنڑا میں یکم جون سے 31 اگست 2026 تک ضلعی انتظامیہ نے ندیوں، بیک واٹرس، آبی ذخائر اور ساحلی علاقوں میں تمام آبی سیاحتی اور مہماتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اور ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی چیئرپرسن لکشمی پریا نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اترکنڑا ضلع انتظامیہ نے مانسون کے دوران عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق مانسون کے دوران شدید بارش، ندیوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ، سیلابی صورتحال، تیز بہاؤ، بلند سمندری لہریں اور خراب موسمی حالات انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتے ہیں۔
پابندی کے تحت ریور (River) رافٹنگ، بوٹنگ، جیٹ اسکی، کیاکنگ، بنانا رائیڈ، پیراسیلنگ، اسپیڈ بوٹ رائیڈ اور دیگر واٹر اسپورٹس سرگرمیاں بند رہیں گی۔ اس کے علاوہ اسکوبا ڈائیونگ اور پانی کے اندر ہونے والی تمام تفریحی سرگرمیوں پر بھی روک لگائی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق اترکنڑا کے ساحلی علاقوں میں سمندر سے متعلق تمام سیاحتی، تفریحی اور مہماتی سرگرمیاں بھی 31 اگست تک معطل رہیں گی۔ اسی طرح ندیوں، بیک واٹرس اور سمندری پانی تک عوامی رسائی فراہم کرنے والی ایسی تمام تجارتی یا تفریحی سرگرمیاں ممنوع ہوں گی جن سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہو۔
ضلع انتظامیہ نے پولیس، محکمہ سیاحت، محکمہ ماہی گیری اور دیگر متعلقہ محکموں کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔