واشنگٹن 30/جنوری (ایس او نیوز) امریکی ایئرلائنز کی پرواز 5342 کا ایک بلیک ہاک آرمی ہیلی کاپٹر سے تصادم کے بعد پوٹومیک ندی میں گر گیا۔ حادثہ رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ائرپورٹ کے قریب لینڈنگ کے دوران بدھ کو پیش آیا۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ہیں، مگراب تک حادثے میں کتنے لوگوں کی اموات ہوئی ہے، اس تعلق سے جانکاری نہیں دی گئی ہے۔
حادثے کی وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا گیا ہے کہ ایک چھوٹا طیارہ ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا اور پھر پوٹو میک ندی میں جا گرا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق، طیارے میں تقریباً 60 مسافر سوار تھے۔
واشنگٹن کے ریگن نیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے بتایا کہ حادثے کے بعد تمام پروازیں اور لینڈنگز روک دی گئی ہیں اور ایمرجنسی حکام اس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔