بھٹکل 26/اکتوبر (ایس او نیوز) : بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کی جانب سے بھٹکل میں چوتھے پینے کے پانی کے پلانٹ کا سنگِ بنیاد پیر کے روز جامعہ آباد روڈ پر جامعہ اسلامیہ کے بالمقابل سیدنا ابراہیم جمعہ مسجد کے احاطے میں رکھا گیا۔
جامعہ اسلامیہ کے مہتمم مولانا مقبول کوبٹے ندوی نے سنگِ بنیاد کی رسم انجام دی اور منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسے صدقہ و خیرات اور انسانیت کی خدمت کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے بی ایم وائی ایف کی جانب سے جاری سماجی و فلاحی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے منصوبے کی کامیابی کے لیے بھی دعا کی۔

اس موقع پرِ مجلس اصلاح و تنظیم کے جنرل سکریٹری عزیز الرحمٰن رکن الدین ندوی، فیڈریشن کے صدر مولانا وصی اللہ ڈی ایف ندوی، فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مبشر حسین ہلارے، خزانچی رمیز کولا، سماجی اُمور کے سکریٹری ظہیر شیخ ، سیدنا ابراہیم جمعہ مسجد کے صدر حافظ جمال حسین کاوا اور مرکزی جماعت المسلمین تینگنگونڈی کے جنرل سکریٹری عبداللہ دانش سمیت دیگر معززین اور سماجی کارکنان موجود تھے۔
اس نئے پلانٹ کے قیام کے ساتھ فیڈریش کی جانب سے پینے کے پانی کے پلانٹس کی تعداد چار ہوجائے گی۔ یہ منصوبہ بھٹکل میں عوام کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے فیڈریشن کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔