اُڈپی 22 مئی (ایس او نیوز) اُڈپی ضلع سے گزرنے والے ہائی وے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں روکنے اور سڑک کا استعمال کرنے والوں کو بہتر سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع پولیس نے 6 مختلف مقامات پر جدید اسپیڈ رڈار کیمروں کو فعال کر دیا ہے ۔
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ہری رام شنکر نے بتایا کہ حال ہی میں لگائے نئے رڈار کیمرے خود کار طریقے سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو ریکارڈ کریں گے ۔ ٹریفک قوانین کے خلاف ورزی کرنے والی موٹر گاڑیوں کو ڈسٹرکٹ پولیس کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جائے گا اور جرم سے متعلقہ چالان گاڑیوں کے مالکان کو ڈاک کے ذریعے بھیجا جائے گا ۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال چھ مقامات پر یہ رڈار کیمرے لگائے گئے ہیں ۔ دوسرے مرحلے کے لئے مزید 14 مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ٹینڈر کی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور ورک آرڈر جلد ہی جاری کیا جائے گا ۔
جن چھ مقامات پر رڈار کیمرے لگائے گئے ہیں ، وہ اس طرح ہیں:
۱۔ کارکلا میں دوپاڈاکٹّے : گاڑیوں کی رفتار کی حد 60 کلو میٹر فی گھنٹہ
۲۔ پڈوبیدری میں اوچیلا : گاڑیوں کی رفتار کی حد 80 کلو میٹر فی گھنٹہ
۳۔ کاپ میں ڈآنڈے تیرتھا اسکول کے پاس : گاڑیوں کی رفتار کی حد 80 کلو میٹر فی گھنٹہ
۴۔ کوٹا میں تھیکٹّے : گاڑیوں کی رفتار کی حد 80 کلو میٹر فی گھنٹہ
۵۔ گنگولی میں تراسی : گاڑیوں کی رفتار کی حد 80 کلو میٹر فی گھنٹہ
۶۔ بیندور میں نائکن کٹّے : گاڑیوں کی رفتار کی حد 80 کلو میٹر فی گھنٹہ
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ نے واضح کیا کہ گاڑیوں کی رفتار نیشنل ہائی وے اتھاریٹی اور ہائی وے ٹریفک قوانین کے مطابق مقرر کی گئی ہے ۔
ہائی وے پر نگرانی کے لئے لگائے گئے یہ رڈار کیمرے موٹر گاڑیوں کی رفتار کے علاوہ ٹریپل رائڈنگ، سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی، ہیلمیٹ کی بغیر سواری، ڈرائیونگ کے وقت موبائل فون کا استعمال، غلط سمت سے ڈرائیونگ جیسی دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں کو بھی ریکارڈ کریں گے ۔
محکمہ پولیس کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ ضلع کے مرکزی پولیس کنٹرول روم میں کیمروں میں ریکارڈ کی گئی قوانین کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لیا جائے گا ۔ جن گاڑی مالکان کو اس ضمن میں چالان موصول ہونگے، وہ چالان ملنے کے سات دن کے اندر اڈپی ضلع کے کسی بھی پولیس اسٹیشن میں پہنچ کر اپنا جرمانہ ادا کر سکیں گے ۔
سمجھا جاتا ہے کہ اس سسٹم کی تنصیب کی وجہ سے اُڈپی ضلع میں مصروف نیشنل ہائی وے پر ٹریفک قوانین کے نفاذ میں مدد ملے گی اور قوانین کی خلاف ورزیوں اور بے پروائی سے ڈرائیونگ کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کمی آ جائے گی ۔