ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اڈپی اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر پر لوک آیوکتہ چھاپہ - التوا میں رکھی گئی سیکڑوں فائلیں ضبط کی گئیں

اڈپی اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر پر لوک آیوکتہ چھاپہ - التوا میں رکھی گئی سیکڑوں فائلیں ضبط کی گئیں

Sun, 31 May 2026 19:01:12    S O News
اڈپی اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر پر لوک آیوکتہ چھاپہ -  التوا میں رکھی گئی سیکڑوں فائلیں ضبط کی گئیں

اُڈپی،  یکم / جون (ایس او نیوز)   سیکڑوں دستاویزات کو کلیئر کرنے میں جان بوجھ کر تاخیر سے متعلق عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے  لوک آیوکتہ ڈی وائی ایس پی ہالامورتی راؤ کی قیادت میں اُڈپی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (UUDA) کے دفتر پر دن مارا گیا چھاپہ دوسرے دن بھی جاری رہا ۔

معلوم ہوا ہے کہ دوسرے دن کی کارروائی میں بھی روک کر رکھی گئیں مزید فائلیں برآمد ہوئیں ۔

یہ چھاپہ جمعہ کو سہ پہر 3 بجے شروع ہوا تھا جس میں لوک آیوکتہ کے ڈی وائی ایس پی، دو انسپکٹرز اور  عملے کے 16 ارکان کے ساتھ  رات 10:30 بجے تک کارروائیاں کرتے رہے ۔ اس ابتدائی مرحلے کے دوران انہوں نے 200 فائلیں دریافت کیں جنہیں بغیر کسی معقول وجہ کے زیر التواء رکھا گیا تھا ۔

تلاشی مہم ہفتہ کو صبح 10:30 بجے سے شام 6:30 بجے تک دوبارہ شروع ہوئی جس کے نتیجے میں مزید 60 فائلوں کا پتہ چلا۔

دو روزہ آپریشن کے دوران اہلکاروں نے 2024 اور 2025 کی غیر ضروری طور پر موخر کی گئی کل 260 فائلیں ضبط کیں ۔

اس کے علاوہ چھاپہ مار ٹیم نے 74 مشکوک فائلوں کی بھی نشاندہی کی جن میں قوانین کی صریح خلاف ورزی دکھائی دے رہی تھی ۔ تحقیقات کے دوران میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن میں ایسی مثالیں بھی شامل ہیں جہاں اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کرنے کی لازمی شرط کی پابندی  کیے بغیر سنگل لے آؤٹ، بڑے لے آؤٹ اور زمین کی تبدیلی کے لیے منظوری دی تھی ۔ان مخصوص خلاف ورزیوں کو فی الحال مزید تفتیش کے لیے رکھا گیا ہے ۔    

لوک آیوکتہ ڈی وائی ایس پی ہالامورتی راؤ نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہ ان فائلوں کو روکے رکھنے کے پیچھے رشوت وصول کرنے یا دیگر مذموم مقاصد ہو سکتے ہیں اور اسی لیے جان بوجھ کر بڑے پیمانے پر بیک لاگ پیدا کیا گیا تھا۔  لہٰذا متعلقہ افسران اور عملہ کے ارکان کے خلاف سخت انکوائری کی جائے گی تاکہ جان بوجھ کر تاخیر کے پیچھے اصل مقصد کا تعین کیا جا سکے ۔


Share: