اُڈپی ، یکم / جون (ایس او نیوز) آج علی الصبح قومی شاہراہ 66 پر کنی مُلکی کے قریب سامان کے ٹرک کے پیچھے سے ٹکرانے کے بعد ایک 29 سالہ مال بردار ٹیمپو کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
فوت ہونے والے ڈرائیور کی شناخت شیموگہ کے رہنے والے پرشانت پی (29) کے طور پر کی گئی ہے ۔ حادثے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ البتہ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ مال بردار ٹیمپو سڑک کنارے رکے ہوئے ایک ٹرک سے ٹکرا گیا ہو گا ۔ٹکر کا اثر بہت شدید تھا جس سے ٹیمپو کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ۔
امدادی کام کرنے والوں کو ملبے میں پھنسے ہوئے ڈرائیور کی لاش کو نکالنے میں کافی دشواری کا سامنا کرنا پڑا ۔سماجی کارکن نتیانندا اولاکاڈو، ٹریفک پولیس اہلکاروں اور مقامی باشندوں نے تباہ شدہ گاڑی سے لاش کو نکالنے کے لیے ہاتھ بٹایا ۔ اولاکاڈو نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے معائنے کے لیے اجرکاڈ ضلع اسپتال کے مردہ خانے میں منتقل کرنے میں بھی تعاون کیا ۔
حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لئے پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔