اڈپی، 11 / فروری (ایس او نیوز) امباگیلو جنکشن کے پاس مویشی لے جا رہا ایک ٹیمپو الٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔
اڈپی ٹاون پولیس کے بیان کے مطابق پی ایس آئی پونیت کمار جس وقت نائٹ پیٹرولنگ پر تھے تو انہیں صبح چار بجے کے قریب حادثے کی اطلاع ملی ۔ جب وہ جائے حادثہ پر پہنچے تو رجسٹریشن نمبر KA 22 AA 4697 والا پک ٹیمپو مویشی سمیت الٹا ہوا ملا جس کے اندر پانچ بھینسیں موجود تھیں ۔ زمین پر دو افراد زخمی حالت میں پڑے تھے، جنہوں نے اپنا نام شیتل گنپتی باگنّار اور یمنپّا رمیش ارجن واڈ بتایا ۔ پرشو نامی تیسرا شخص موقع پر سے فرار ہوگیا تھا ۔
جب پولیس نے زخمی افراد سے جانوروں کی خرید اور اس کے نقل و حمل کے تعلق سے پوچھا تو مذکورہ افراد کے پاس کوئی دستاویزی ثبوت موجود نہیں تھا ۔ انہوں نے بس یہ بتایا کہ وہ لوگ یہ مویشی سنکیشور سے منگلورو لے جا رہے تھے ۔ پولیس نے زخمیوں کو علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا ۔ مویشیوں کے ڈاکٹر کو طلب کرکے ٹیمپو میں موجود مویشیوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور دیگر قانونی کارروائی شروع کرتے ہوئے مویشیوں کو پولیس کی تحویل میں لیا گیا ۔
اس تعلق سے اڈپی پولیس اسٹیشن میں کیس رجسٹر کیا گیا ہے ۔