ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گوکرن کے سمندر میں دو میڈیکل کی طالبات غرقاب

گوکرن کے سمندر میں دو میڈیکل کی طالبات غرقاب

Sun, 27 Apr 2025 09:26:01    S O News
gokarna drown

گوکرن،  27 / اپریل (ایس او نیوز) تملناڈو سے سیاحت کے لئے آنے والے میڈیکل اسٹوڈنٹس میں سے دو طالبات سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں ۔
    
ذرائع  کے مطابق مہلوک طالبات کی شناخت کنیموہی اور اندوجا کے طور پر کی گئی جو تملناڈو کے تیروچی ایس آر ایم میڈیکل کالج میں فائنل ایم بی بی ایس کی طالبات تھیں ۔  سمندر کے کنارے خطرناک جگہ تک جانے سے نہ روکنے پر پولیس نے ٹورسٹ گائیڈ کے خلاف کیس درج کیا ہے ۔

بتایا جاتا ہے کہ فائنل ایئر امتحان ختم ہونے کے بعد 23 طالبات کا ایک گروپ چینئی ویٹری ٹورس اینڈ ٹراویلس کے زیر اہتمام سیاحت کے لئے نکلا تھا ۔ ان کا منصوبہ ڈانڈیلی، گوکرن، مرڈیشور کی سیر کرنے کا تھا ۔ کل انہوں نے ڈانڈیلی  کے بعد انکولہ کے وبھوتی فالس کی سیر کی اور وہاں سے شام کے وقت گوکرن پہنچے تھے ۔ ان کے ساتھ گاندھی نامی ٹورسٹ گائیڈ تھا ۔ 
    
معلوم ہوا ہے کہ ٹورسٹ گائیڈ طالبات کو سورج غروب ہونے کا منظر دکھانے کے لئے  کوڈلے بیچ کے قریب جٹایوتیرتھ پہاڑی کی طرف لے گیا ۔ یہ جگہ پانی میں اترنے کے لئے خطرناک ہونے کے باوجود گائیڈ نے طالبات کو سمندر میں اترنے منع نہیں کیا جس کی وجہ سے کنہیموہی اور اندوجا نامی لڑکیاں سمندری موجوں سے کھیلنے کے لئے پہاڑی سے نیچے اتر گئیں ۔ اس دوران ایک اونچی اور تیز سمندری لہر دونوں طالبات کو بہا لے گئی ۔ موقع پر موجود ایک مقامی شخص منی راجو نے لڑکیوں کو بچانے کی کوشش کی مگر تیز لہروں کی وجہ سے وہ خود بھی ڈوبنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں لڑکیاں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں ۔ 
    
اس حادثے کی خبر ملتے ہی گوکرن پولیس ٹیم نے کشتی کے ذریعے سمندر میں پہنچ کر منی راجو کو بچا لیا اور دونوں طالبات کی لاشیں بازیافت کیں ۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے کاروار میڈیکل کالج کے اسپتال میں بھیج دیا گیا ۔ 
    
ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ ایم نارائین نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ پہاڑی چٹان سے ایک اونچی لہر ٹکرانے کی وجہ سے چار طالبات کا توازن بگڑ گیا اور وہ سمندر میں گر گئیں ۔ ان میں سے دو طالبات سمندر سے نکلنے میں کامیاب ہوگئیں جبکہ دو طالبات ڈوب کر ہلاک ہوگئیں ۔ اس ضمن میں چیںئی کے ٹور آپریٹر گاندھی اور وینکٹیش کے خلاف پولیس نے کیس درج کیا ہے اور گاندھی کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ 


Share: