ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورو کے قریب کاسرگوڈ میں بھاری بارش - دیوار گرنے سے دو بھائیوں کی موت - ایک بچہ زخمی

مینگلورو کے قریب کاسرگوڈ میں بھاری بارش - دیوار گرنے سے دو بھائیوں کی موت - ایک بچہ زخمی

Sun, 07 Jun 2026 11:43:38    S O News

مینگلور، 7 جون (ایس او نیوز): پڑوسی ریاست کیرالہ کے ضلع کاسرگوڈ میں موسلادھار بارش کے دوران پیش آئے ایک دل دہلا دینے والے حادثے میں دو کمسن سگے بھائی جاں بحق جبکہ ان کا ایک دوست شدید زخمی ہوگیا۔

 یہ افسوسناک واقعہ سنیچر کی شام قریب پانچ بجے ضلع کے آڈور علاقے کے سنچکّاڈوو میں پیش آیا، جہاں گرمیوں کی تعطیلات کے دوران بچوں نے بس اسٹاپ کے قریب ایک چھوٹا سا اسنیکس اسٹال قائم کر رکھا تھا۔

فوت ہونے والوں کی شناخت اسی گاوں کے رہنے والے ابوبکر کے بیٹے مزمل (14 سال) اور منصل (9 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔ جبکہ زخمی بچے کی شناخت ابوبکر کے پڑوسی تاج الدین کے بیٹے واطف (9 سال) کے طور پر کی گئی ہے۔

ملیالم میڈیا کے مطابق اسکول کی تعطیلات کے باعث کچھ جیب خرچ کمانے کی غرض سے دو بھائی بس اسٹاپ کے قریب ایک عارضی اسٹال چلا رہے تھے جہاں وہ چپس اور دیگر ہلکے پھلکے کھانے فروخت کرتے تھے۔ ہفتہ کی شام تقریباً پانچ بجے ان کے پیچھے واقع ایک رہائشی مکان کی نئی تعمیر شدہ حفاظتی (ریٹیننگ) دیوار اچانک منہدم ہوگئی اور دونوں بھائی ملبے تلے دب گئے۔
    
دیوار گرنے کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ مدد کے لئے دوڑ پڑے اور ملبے سے تینوں بچوں  کو نکال کر فوراً چیگالا کوآپریٹیو ہاسپٹل میں لے جایا گیا، لیکن وہاں پر ڈاکٹروں نے بتایا کہ مزمل اور منصل کی موت واقع ہو چکی ہے۔ سنگین طور پر زخمی بچے واطف کو بعد میں کاسرگوڈ کے پرائیویٹ اسپتال میں منتقل کیا گیا۔

سنیچر کو کاسرگوڈ میں بھاری برسات کی پیشین گوئی کے ساتھ ریڈ الرٹ جاری کیا گیا تھا اور احتیاطی اقدام کے طور پر کاسرگوڈ ضلع کے اسکولوں میں چھٹی دی گئی تھی۔ جس کے دوران دیوار گرنے کا یہ المیہ پیش آیا ۔ فوت ہونے والے دونوں بچے گورنمنٹ اسکول آدور میں زیر تعلیم تھے۔ 


Share: