ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / میونسپل صدراور حکام کا بھٹکل نوائط کالونی دورہ؛ غیر قانونی باکڑوں اور کچرے کی شکایات کا جائزہ، نالوں کی صفائی پر زور

میونسپل صدراور حکام کا بھٹکل نوائط کالونی دورہ؛ غیر قانونی باکڑوں اور کچرے کی شکایات کا جائزہ، نالوں کی صفائی پر زور

Sun, 26 Jan 2025 19:58:23  IG Bhatkali   S O News
میونسپل صدراور حکام کا بھٹکل نوائط کالونی دورہ؛ غیر قانونی باکڑوں اور کچرے کی شکایات کا جائزہ، نالوں کی صفائی پر زور

بھٹکل، 26 جنوری (ایس او نیوز/حبیب اللہ محتشم): ینگ مسلم سروس ایسوسی ایشن (YMSA) نے نوائط کالونی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھٹکل میونسپل صدر اور علاقے کے کونسلر سمیت دیگر عہدیداران و حکام کو نوائط کالونی کا دورہ کرایا۔ اس دوران، علاقے میں جگہ جگہ غیر قانونی باکڑوں اور کچروں کے ڈھیر جمع ہونے کی شکایات کی گئیں، اور یہ کہا گیا کہ وہ علاقہ جہاں سے سب سے زیادہ ٹیکس وصول ہوتا ہے، حکام کی لاپرواہی کا شکار ہے۔

وائی ایم ایس اے کے صدر فوّاز سُکری نے سڑکوں کی خستہ حالی، گڑھوں، اور صفائی کے ناقص انتظامات پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ شکایات کے باوجود اگر کچروں کو ہٹایا بھی جائے تو کچھ ہی دنوں میں وہ دوبارہ جمع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے میونسپل حکام سے مستقل حل کی درخواست کی۔ نائب صدر جاوید حسین ارمار نے نوائط کالونی اور جالی روڈ میں سڑک کے کناروں پر غیر قانونی باکڑوں کی نشاندہی کی اور انہیں فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ باکڑے علاقے کی خوبصورتی کو متاثر کر رہے ہیں اور ان کی وجہ سے سڑکوں پر سواریوں کو آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر اور وائی ایم ایس اے کے سرگرم رکن عنایت اللہ شاہ بندری نے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے بنائے گئے نالوں کی صفائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بارش کے موسم میں جو نالے نوائط کالونی کا پانی ہائی وے کے بڑے نالوں میں منتقل کرتے تھے، وہ مٹی کے ڈھیر سے بند ہو چکے ہیں۔ اس کی وجہ سے پانی نوائط کالونی میں داخل ہو کر گھروں تک پہنچ رہا ہے۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے نیشنل ہائی وے پر بھی پانی جمع ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے ہائی وے پر بارش کے بعد پانی جمع ہو کر پورے علاقے کو تالاب میں بدل دیتا ہے۔

bhatkal-tmc-nawayat-colony-2

وائی ایم ایس اے دفتر میں تمام شکایات کی سماعت کے بعد، ذمہ داران نے میونسپل حکام کو نوائط کالونی کے مختلف مقامات پر لے جا کر بتائے گئے مسائل کا جائزہ کرایا۔ اس موقع پر میونسپل انچارج صدرمحی الدین الطاف کھروری اور چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا نے یقین دلایا کہ وہ فوری طور پر ان مسائل پر توجہ دیں گے اور چند دنوں میں ان کے حل کی کوشش کی جائے گی۔ میونسپل حکام نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ علاقے کی صفائی ستھرائی پر توجہ دیں اور میونسپلٹی کے ساتھ تعاون کریں۔

نوائط کالونی کے وائی ایم ایس اے دفتر میں مولوی عبدالمُنیم کوبٹے ندوی کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا۔ جاوید حسین آرمار نے میونسپل حکام کا استقبال کیا۔ اس موقع پر نوائط کالونی کے میونسپل کونسلر پرویز قاسمجی، وائی ایم ایس اے کے جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ آفاق کولا، میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین قیصرمحتشم، ہیلتھ آفیسر محترمہ سوجیا، معروف سماجی کارکن نثار ٹاپ رکن الدین اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔


Share: