ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / میسورو کے ٹی نرسیپور میں شروع ہوا سہ روزہ جنوبی ہند کمبھ میلہ

میسورو کے ٹی نرسیپور میں شروع ہوا سہ روزہ جنوبی ہند کمبھ میلہ

Mon, 10 Feb 2025 19:25:12    S.O. News Service

میسورو،  10 / فروری (ایس او نیوز) ٹی نرسیپور کی دکشن کاشی تیروموکوڈال میں واقع تروینی سنگم میں ہندو روایات کے مطابق ڈبکی لگانے کے لئے منعقد ہونے والا جنوبی ہند کمبھ میلہ کے نام سے مشہور تہوار آج 10 فروری سے شروع ہوا جو 13 فروری تک چلے گا ۔ 
    
اس میلے کا افتتاح مقامی ایم ایل اے اور ضلع انچارج وزیر ڈاکٹر ایچ سی مہادیوپّا نے کیا ۔ شمالی ہند کے پریاگ راج، ہریدوار، اجین یا مہاراشٹرا کے ناشک  میں ہونے والے کمبھ میلہ میں شریک ہونے سے قاصر بھکتوں کے لئے جنوبی ہند کا یہ کمبھ میلہ بعض ہندو مذہبی پیشواوں کی طرف سے 1989 میں شروع کیا گیا تھا ۔
    
ہندو روایات کے مطابق جنوبی ہند کے مشہور ندی کاویری، کپیلا اور گپت گامینی کا تروینی سنگم شمالی ہند کے گنگا سے بھی تھوڑی سی مقدار میں زیادہ مقدس ہے ۔ تیروموکوڈال کے کمبھ میلے میں لاکھوں بھکت شریک ہونگے اور ان کے عقیدے کے مطابق 12 فروری کو انتہائی مقدس دن ہونے کی وجہ سے سنگم میں ڈبکی لگانے والوں کی تعداد اس دن بہت زیادہ ہوگی ۔ 
    
بتایا جاتا ہے کہ چھ سال بعد یہ کمبھ میلہ منعقد ہوا ہے ۔ حکومت اور ضلع انتظامیہ نے سنگم کے اطراف غوطہ خوروں اور فائر سروس عملے کی تعیناتی سمیت تما ضروری انتظامات کیے ہیں ۔ 


Share: