کاروار 14/فروری (ایس او نیوز): سخت حفاظتی انتظامات کے باوجود کاروار نیول بیس میں چوری کا سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے، جہاں چوروں نے ایک مکان سے 4.83 لاکھ روپئے سے زائد مالیت کے سونے کے زیورات چرا لیے ہیں۔
کاروار نیول بیس میں چوبیسوں گھنٹے سخت سیکیورٹی نافذ رہتی ہے، جہاں نہ صرف عام عوام بلکہ ریاستی پولیس کو بھی داخلے کی اجازت نہیں ہوتی۔ جگہ جگہ نصب سی سی ٹی وی کیمروں اور سخت نگرانی کے باوجود چوری کا یہ واقعہ سیکیورٹی حکام کے لیے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔
موصولہ شکایت کے مطابق، پینکج سنگھ نامی شخص کے گھر میں چور داخل ہوئے اور اسٹڈی ٹیبل کی دراز میں رکھے سونے کے زیورات چرا کر رفو چکر ہوگئے۔ ان کی اہلیہ دیوالی کے موقع پر یہ زیورات پہن کر آئی تھیں اور بعد میں انہیں نیول کوارٹر میں محفوظ رکھا تھا۔ آخری بار 2 فروری کو زیورات دیکھے گئے تھے، لیکن 12 فروری کو چیک کرنے پر وہ غائب تھے۔
پینکج سنگھ نے کاروار دیہی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے، جس کے بعد پولیس نے معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔