بھٹکل، 17 مئی (ایس او نیوز):بھٹکل تعلقہ میں سنیچر شام ہوئی طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کے نتیجے میں کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا، جبکہ مختلف دیہاتوں میں مکانات اور مویشی خانوں کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جامعہ آباد روڈ کے اطراف کئی علاقوں میں اتوار شام تک بجلی سپلائی بحال نہ ہونے پر عوام میں سخت ناراضی دیکھی گئی۔
رحمت آباد علاقے میں درخت بجلی کے تاروں پر گرنے سے دو بجلی کے کھمبے زمین بوس ہوگئے، جس کے نتیجے میں رحمت آباد، حنیف آباد، فردوس نگر، مِنٰی روڈ اور جامعہ آباد روڈ کے اطراف کے کئی علاقوں میں بجلی سپلائی معطل ہوگئی۔ مقامی لوگوں کے مطابق قریب دو سو گھروں میں سنیچر شام سے بجلی غائب ہے، جبکہ ہیسکام کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اتوار کی تعطیل کے سبب مکمل بحالی پیر کو ممکن ہوسکے گی۔

عوام نے اس بات پر ناراضی ظاہر کی کہ صرف دو کھمبے گرنے سے سیکڑوں گھروں کی بجلی بند ہوگئی اور محکمہ کے پاس فوری مرمت کے لئے مناسب عملہ دستیاب نہیں تھا۔ عوام کا کہنا ہے کہ بھٹکل میں اب بارش ہو یا نہ ہو، بجلی غائب ہوجانا معمول بنتا جارہا ہے۔
ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے بتایا کہ بھٹکل، شیرالی اور مرڈیشور سمیت تعلقہ بھر میں جملہ 26 بجلی کے کھمبے گرگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے کھمبے نصب کرنے اور بجلی بحال کرنے کا کام جاری ہے، جبکہ جامعہ آباد روڈ کے کئی علاقوں میں اتوار دوپہر تک سپلائی بحال کردی گئی ہے۔ باقی علاقوں میں پیر تک بجلی بحال ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
شیرالی گاؤں میں ایک بڑا حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کوٹے باگیلو اسپتال روڈ پر ایک بجلی کا کھمبا اسکوٹی پر گرپڑا۔ اس حادثے میں موڈ شیرالی کے رہائشی 35 سالہ وینکٹ رمن ماستی نائک زخمی ہوگئے اور موقع پر بے ہوش ہوگئے ۔ مقامی لوگوں نے انہیں فوری طور پر بھٹکل تعلقہ اسپتال منتقل کیا، بعد ازاں بہتر علاج کے لئے منی پال اسپتال لے جایا گیا۔ ذرائع کے مطابق علاج کے بعد وہ صحتیاب ہوکر گھر واپس لوٹ آئے ہیں۔
طوفانی بارش کے سبب تعلقہ کے مختلف دیہاتوں میں مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ملیکانا کائکنی علاقے میں وینکٹ رمن برما نائک کے مویشی خانے پر ناریل کا درخت گرنے سے شیڈ کو نقصان پہنچا، تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ شیرالی-1 کے گڈی ہٹّل علاقے میں عبدالعزیز کے مکان پر جنگلی درخت گرنے سے مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔
اسی طرح منڈلی کے ہلّیرکیری علاقے، کیکّوڈ، ہیبلے اور تلگوڈ دیہاتوں میں بھی کئی مکانات کی چھتوں پر ناریل، جیک فروٹ اور آم کے درخت گرنے سے جزوی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں، تاہم تمام واقعات میں لوگ اور مویشی محفوظ رہے۔
ریونیو محکمہ کے افسران نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصان کا جائزہ لیا ہے اور ضروری راحتی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔