ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2026: جنوبی افریقہ نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دی

ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2026: جنوبی افریقہ نے کینیڈا کو 57 رنز سے شکست دی

Tue, 10 Feb 2026 13:06:51    S O News

احمد آباد     ،10 / فروری (ایس او نیوز/ایجنسی)جنوبی افریقہ نے ٹی ٹوینٹی عالمی کپ 2026 میں اپنے سفر کا آغاز بڑی جیت کے ساتھ کیا،اس نے   کینیڈا  کو 57 رنز سے شکست دے دی۔ احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں  کینیڈا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 213 رنز بنائے جبکہ کناڈا کی ٹیم صرف 156 رنز بنا سکی۔ نونیت دھالیوال نے آخر وقت تک مقابلہ کیا اور 64 رنز بنائے۔

پہلے بیٹنگ کے لیے آنے والے جنوبی افریقہ کی جانب سے کپتان ایڈن مارکرم نے 32 گیندوں پر 59 رنز کی طوفانی نصف سنچری اسکور کی۔ ریان رکلٹن نے بھی 33 رنز بنائے۔ تجربہ کار بلے باز ڈیوڈ ملر اچھی فارم میں تھے، انہوں نے تین چھکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے۔ ٹرسٹن اسٹبس نے 19 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ کناڈا کی جانب سے انش پٹیل نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔

 کینیڈا   کرکٹ ٹیم میں ہندوستانی نژاد کئی کرکٹرز شامل ہیں۔ کپتان دلپریت باجوہ اپنی اننگز کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ یوراج سمرا 12 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ نکولس کرٹن سے بڑی اننگز کھیلنے کی توقع تھی لیکن وہ صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

ہندوستانی نژاد نونیت دھالیوال نے آخر تک ڈٹ کر مقابلہ کیا، انہوں نے 49 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔ اس اننگز میں انہوں نے سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ہرش ٹھاکر نے اپنی ٹیم کو کم سکور پر آل آؤٹ ہونے سے بچانے میں 33 رنز کی شراکت کی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے لونگی نگیڈی نے سب سے زیادہ چار وکٹیں حاصل کیں۔ مارکو جانسن نے دو اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ اس بڑی جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ گروپ ڈی کے پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گیا ہے۔ اسی گروپ میں ایک اور مضبوط ٹیم نیوزی لینڈ کی شکل میں موجود ہے۔


Share: