ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / رام مندر نذرانہ چوری کیس: تین دن گزرنے کے باوجود ایس آئی ٹی رپورٹ غائب، شکوک میں اضافہ

رام مندر نذرانہ چوری کیس: تین دن گزرنے کے باوجود ایس آئی ٹی رپورٹ غائب، شکوک میں اضافہ

Tue, 23 Jun 2026 12:29:52    S O News

لکھنؤ، 23/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے ایودھیا واقع رام مندر میں نذرانے کی چوری معاملے میں جاری گھمسان کے دوران اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرسٹ کے بڑے عہدیداروں کو بچانے کی جدوجہد چل رہی ہے تاکہ وہ بے داغ رہ سکیں۔ خبروں کے مطابق ایس آئی ٹی کو لکھنؤ واپس ہوئے 3 دن ہو چکے ہیں لیکن اب تک ابتدائی رپورٹ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ تک نہیں پہنچ سکی ہے۔

کہا جارہا ہے کہ چوری کا معاملہ روشنی میں آنے کے بعد سے ٹرسٹ کے عہدیدار اسے دبانے میں مصروف تھے۔ ایس آئی ٹی کی ٹیم نے 6 دن تک ایودھیا میں تفتیش کر کے نذرانے میں ہیرا پھیری کے ثبوت جمع کئے۔ چھان بین میں یہ بھی سامنے آیا کہ عہدیداروں نے اصول و ضوابط کو طاق پر رکھ کر کس طرح  رشتہ داروں اور قریبی لوگوں کو مندر انتظامیہ میں کام پر رکھا ہوا تھا۔ اس لئے ایس آئی ٹی نے ایک طرف مجرمانہ عمل کرنے والوں کی فہرست تیار کی اور دوسری طرف لاپرواہی برتنے والے بینک افسران اور ٹرسٹ کے عہدیداروں کے نام بھی رپورٹ میں شامل کئے۔

فہرست میں ایک بڑا نام بھی شامل ہے جن کا مندر کے ٹرسٹ میں سب سے اہم کردار مانا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس نام کو لے کر کئی طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق کارروائی میں تاخیر کی وجہ بھی اسی نام کو مانا جا رہا ہے۔ جب تک اس بارے میں اوپر یعنی دہلی سے ہدایات نہیں ملیں گی تب تک کوئی کارروائی ممکن نہیں ہے۔

معاملے میں کنسٹرکشن کمیٹی کے گوپال راؤ سرخیوں میں ہیں۔ ان کے کردار پر بھی سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ہفتے کی شام ایس آئی ٹی کے لوٹنے کے بعد گوپال راؤ کرناٹک چلے گئے اور وہاں منعقد پروگرام میں بھی شامل ہوئے۔ اس کے فوٹو اور ویڈیو بھی وائرل ہوئے ہیں۔ پہلے بتایا جا رہا تھا کہ ایس آئی ٹی نے مندر انتظامیہ سے وابستہ سبھی لوگوں کے ضلع سے باہر جانے پر روک لگا دی ہے۔

پیر کے روز ہائی کورٹ کی لکھنؤ بینچ میں جسٹس پنکج بھاٹیہ اور جسٹس امیتابھ کمار رائے کی تعطیلی بینچ کے سامنے پی آئی ایل سماعت کے لیے درج تھی۔ وقت کی کمی کی وجہ سے عدالت اس پر سماعت نہیں کر سکی اور اب 24 جون کو سماعت ہو سکتی ہے۔ ایڈووکیٹ موہت اشوک کی جانب سے دائر پی آئی ایل میں ایودھیا کے شری رام مندر کے نذرانے میں آنے والی رقم کے مبینہ غبن کی جانچ سی بی آئی یا کسی آزاد ایجنسی سے کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سی اے جی سے پورے معاملے کا آڈٹ کرائے جانے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔  


Share: