ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / ایس آئی آر کے خلاف 8 اکتوبر کو بنگلورو میں ’عوامی عدالت‘، سابق ججوں کے سامنے متاثرین رکھیں گے شکایات

ایس آئی آر کے خلاف 8 اکتوبر کو بنگلورو میں ’عوامی عدالت‘، سابق ججوں کے سامنے متاثرین رکھیں گے شکایات

Wed, 07 Oct 2026 11:14:01    S O News

بنگلورو  ، 7/ اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاست میں جاری ووٹر فہرستوں کی خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف اور اس عمل سے متاثرہ افراد کو انصاف فراہم کرنے کے مطالبے پر 8 اکتوبر کو ’’عوامی عدالت‘‘ کے نام سے ایک منفرد احتجاجی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ یہ اطلاع ایس آئی آر مخالف اتحاد اور شہری ووٹ نگرانی کمیٹی کے قائدین نے بنگلورو میں منعقدہ پریس کانفرنس میں دی۔

ووٹ نگرانی کمیٹی کے قائد نور شری دھر نے کہا کہ ایس آئی آر کے عمل کے ذریعے لاکھوں محروم اور اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے ووٹروں کے حقِ رائے دہی کو سلب کرنے کی مبینہ کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مبینہ منظم سازش کے خلاف عوام میں بیداری پیدا کرنے اور متاثرہ افراد کو انصاف دلانے کے مقصد سے ’’عوامی عدالت‘‘ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

8 اکتوبر کو منعقد ہونے والی اس عوامی عدالت میں ایس آئی آر کے پس منظر اور اس عمل کے نتیجے میں مبینہ طور پر ہونے والی ناانصافیوں سے متعلق اہم شواہد عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔ ملک کے سینئر اور ممتاز سابق جج ان الزامات کو سنیں گے اور اس کے بعد اپنا فیصلہ سنائیں گے۔ ایس آئی آر مخالف اتحاد نے جمہوری حقوق اور حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے منعقد کیے جانے والے اس خصوصی پروگرام میں ریاست کے باشعور شہریوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔

ایس آئی آر مخالف اتحاد کے قائد کے۔ ایل۔ اشوک نے کہاکہ اس احتجاج کو اداکار پرکاش راج اور کشور ، سی جے پی کے اہم قائدین ابھیجیت دیپکے، اشوتوش رانکا اور سورَو داس، ماہرِ معاشیات پرکالا پربھاکر سمیت ریاست کی اہم ادبی و فکری شخصیات اور طلبہ و نوجوان تنظیموں کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔ ایس آئی آر کے عمل سے متاثرہ ریاست کے مختلف علاقوں کے متعدد افراد بھی ’’عوامی عدالت‘‘ کے سامنے اپنی شکایات اور مسائل براہِ راست پیش کریں گے۔ کمیٹی نے ایس آئی آر کے نتیجے میں مشکلات اور مبینہ ناانصافی کا سامنا کرنے والے متاثرین اور سماجی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی معلومات فراہم کرنے کے لیے 9606087560 پر فون کریں یا پیغام کے ذریعے تفصیلات ارسال کریں۔

پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی کے ریاستی صدر سیتارام گنڈپا، آشیرواد مرکز کے سربراہ فادر ارن لوئس، سوراج انڈیا پارٹی کے ریاستی ترجمان امجد پاشا، ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے ریاستی صدر حبیب اللہ، کرناٹک راجیہ راعیت سنگٹھنا کے ریاستی کارگزار صدر جے۔ ایم۔ ویرا سنگیا، دلت کرسچن اتحاد کے ریاستی قائد ڈاکٹر منوہر چندر پرساد، کرناٹک جن شکتی کے ریاستی جنرل سکریٹری کمار سمنتھل، جماعت اسلامی ہند کے ریاستی سکریٹری محمد یوسف کنی، ایس ڈی پی آئی کے ریاستی خازن امجد خان، کرناٹک ریاستی مسلم اتحاد کے ریاستی کنوینر سہیل احمد، خواتین قائدین ایڈوکیٹ نینا، ’’یدیلو کرناٹک‘‘ کے قائد ناگیش ارلی کوپ اور سی جے پی ساؤتھ زون کے کنوینر راجیش گوڈا موجود تھے۔


Share: