بھٹکل 2 اکتوبر (ایس او نیوز): بھٹکل میں دن دہاڑے ایک مکان کا پچھلا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوتے ہوئے تقریباً 17.50 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات، چاندی کی اشیاء اور نقد رقم چوری کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔
کائیکنی کے رہائشی اور کالج لیکچرر راجیش کُپّیا شیٹی نے مرڈیشور پولیس تھانے میں شکایت درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ آج صبح قریب پونے نو بجے اپنی اہلیہ کے ساتھ کالج روانہ ہوئے تھے اور قریب 12:55 بجے واپس گھر آئے تھے۔ تقریباً چار گھنٹے تک مکان پر کوئی موجود نہیں تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم چوروں نے مکان کے پچھلے دروازے کو کسی مضبوط ہتھیار سے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور بیڈروم میں موجود الماری کا دروازہ توڑ کر تقریباً 13.50 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات، ایک لاکھ روپے مالیت کی چاندی کی اشیاء اور 3 لاکھ روپے نقد رقم چوری کرکے فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ واپس گھر پہنچے تو دروازہ ٹوٹا ہوا اور الماری میں موجود قیمتی اشیاء غائب پائیں۔ اس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ دن دہاڑے چوری کی اس واردات پر عوام میں تشویش پائی جارہی ہے۔
مرڈیشور پولیس نے معاملہ درج کرکے چوروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔