ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : زیر زمین گندے پانی کی نکاسی کا مسئلہ - 50 سے زائد کنویں خراب - مقامی لوگوں نے دی راستہ روکو احتجاج کی دھمکی

بھٹکل : زیر زمین گندے پانی کی نکاسی کا مسئلہ - 50 سے زائد کنویں خراب - مقامی لوگوں نے دی راستہ روکو احتجاج کی دھمکی

Sun, 14 Jun 2026 12:29:31    S O News
بھٹکل : زیر زمین گندے پانی کی نکاسی کا مسئلہ - 50 سے زائد کنویں خراب - مقامی لوگوں نے دی راستہ روکو احتجاج کی دھمکی

بھٹکل ،14 / جون (ایس او نیوز) شہر کے وارڈ نمبر 15 میں انڈر گراونڈ ڈرینیج سے گندے پانی کی نکاسی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے قریب کے 50 سے زائد کنووں میں گندا پانی داخل ہونے سے یہاں کے رہائیشیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
    
یہ مسئلہ اس لئے بھی گمبھیر ہو جاتا ہے کہ مانسون کا موسم شروع ہوا ہے اور گٹر کا گندا پانی سڑک کے کنارے بہہ رہا ہے یا کسی جگہ رکا ہوا ہے جس سے وبائی بیماریاں پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
    
شہر کے رگھو ناتھ روڈ، منکولی اور پشپانجلی تھیٹر کے اطراف رہنے والوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک مہینے سے یو جی ڈی کے چیمبرس بھر کر سڑک پر بہہ رہے ہیں اور گندا پانی سڑک کنارے کی نالیوں میں بہہ رہا ہے۔ فضا میں پھیلی ہوئی بدبو کی وجہ سے مقامی رہائشیوں کے علاوہ اس سڑک سے ریلوے اسٹیشن کی طرف آنے جانے والوں کے لئے دشواری ہو رہی ہے۔ کنویں کے صاف پانی میں گندے پانی کی آمیزش سے پینے کے پانی کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ لوگوں کی مشکل یہ بھی ہے کہ برسات کے موسم کنویں سے گندا پانی نکالنا اور اسے صاف کرنا بھی ممکن نہیں ہے۔ 
    
اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے کئی مرتبہ درخواستیں دی گئی ہیں مگر متعلقہ محکمے والے اس پر کوئی نتیجہ خیز کارروائی نہیں کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے یہاں کے رہائشیوں کی زندگی مشکل ہوگئی ہے۔
    
مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ سٹی میونسپل کاونسل، نیشنل ہائی وے توسیعی کام کی ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی اور نیشنل ہائی وے اتھاریٹی آف انڈیا کے ذمہ داران کے درمیان آپسی تال میل نہیں ہے ۔ یہ تینوں محکمے اپنی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالتے ہوئے اپنا پلّہ جھاڑ رہے ہیں۔ 
    
عوام کا کہنا ہے کہ جب شکایت کی جاتی ہے تو سی ایم سی والے کہتے ہیں "یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے ۔ اس کے لئے آئی آر بی سے رابطہ کرو۔" جب آئی آر بی والوں سے بات کی جاتی ہے ان کا جواب یہ ہوتا ہے کہ 'نئی ڈرینیج لائن کو کنکشن دینے سے پہلے پرانے یو جی ڈی کنکشن کو بند کیا گیا ہے اس لئے یہ مسئلہ درپیش ہے ۔' اس طرح مسئلہ اٹکا ہوا ہے اور اس کا حل نکالنے کی کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔ جس کی وجہ سے عوام مشکل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ 
    
اس مسئلے سے پریشان عوام نے دھمکی ہے کہ اگر فوری طور پر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے موقع پر پہنچ کر جائزہ نہیں لیا اور اس مسئلے کو حل نہیں کیا تو 15جون کو نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔


Share: