لکھنؤ ، 7/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)اتر پردیش میں سردی کی شدت بڑھ گئی ہے، اور محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید سرد لہر اور کہرے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے پیش نظر آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ مغربی اتر پردیش کے بعض اضلاع میں ژالہ باری کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سردی کے سبب ریاست میں 5 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ فتح پور اور کانپور دیہات میں 2-2 افراد جبکہ چترکوٹ میں ایک کسان نے ٹھنڈ لگنے سے جان گنوا دی۔ پیر کو لکھنؤ کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 2.7 ڈگری کم ہو کر 17.7 ڈگری سیلسیس رہا، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ 7 جنوری کو لکھنؤ میں شدید کہرا صبح تک چھایا رہ سکتا ہے، اور دوپہر کے بعد موسم صاف ہوگا۔
یوپی کے جو اضلاع سرد لہر کی زد میں ہیں ان میں وارانسی، جونپور، غازی پور، اعظم گڑھ، مؤ، بلیا، دیوریا، گورکھپور، سنت کبیر نگر، بستی، کُشی نگر، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، گونڈا، بلرام پور، شراوستی، بہرائچ، لکھیم پور کھیری، سیتاپور، ہردوئی، بارابنکی، امیٹھی، سلطان پور، ایودھیا، امبیڈکر نگر، بریلی، پیلی بھیت، شاہجہاں پور اور بدایوں شامل ہیں۔
بنارس ہندو یونیورسٹی کے موسم سائنس داں پروفیسر منوج کمار شریواستو نے بتایا کہ جموں و کشمیر، ہماچل سمیت دیگر مقامات پر لگاتار ہو رہی برفباری کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سرد لہر اور گھنا کہرا دیکھنے کو مل رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ 10 جنوری سے ایک نیا 'ویسٹرن ڈسٹربینس' پھر اتر پردیش کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس سے کئی ضلعوں میں ہلکی بارش کے آثار بھی ہیں۔ حالانکہ اگلے 3 سے 4 دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں کوئی خاص تبدیلی کی امید نہیں ہے۔ اس کے بعد کم سے کم درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کی کمی آ سکتی ہے۔
لکھنؤ واقع اموسی موسم مرکز کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق پیر کو یوپی کے سب سے کم درجہ حرارت والا علاقہ فتح پور رہا۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت 6٫2 ڈگری سیلسیس رہا۔ وہیں لکھنؤ، میرٹھ، مظفر نگر اور نجیب آباد میں بھی کم سے کم درجہ حرارت اسی کے آس پاس ریکارڈ کیا گیا۔