بھٹکل یکم مارچ (ایس او نیوز): کرناٹک بھر میں پی یو سی دوم کے سالانہ امتحانات کا آغاز آج، ہفتہ، یکم مارچ سے ہوا، جو 20 مارچ تک جاری رہیں گے۔ مکمل شفافیت اور امتحانی ہدایات پرعمل درآمد کو یقینی بنانے اورامتحانات میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کو روکنے کے لیے محکمہ تعلیم نے تمام امتحانی مراکز، بشمول ضلع اتر کنڑا، میں ویب کاسٹنگ نگرانی متعارف کرائی ہے۔
ویب کاسٹنگ، جو انٹرنیٹ پر براہ راست نشریات کی سہولت فراہم کرتی ہے، حکام کے مطابق امتحانات کی حقیقی وقت میں نگرانی کو ممکن بنائے گی۔ اس اقدام سے شفافیت میں مزید اضافہ ہوگا اور بے ضابطگیوں کی روک تھام ممکن ہوگی۔
اتر کنڑا ضلع میں 34 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں کل 13,974 طلبہ امتحان دے رہے ہیں۔ تمام مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جبکہ ضلع پنچایت اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ایک ضلعی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں سے ویب کاسٹنگ کے ذریعے روزانہ امتحانات کی نگرانی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے نو رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو کسی بھی بے ضابطگی یا مسئلے کی فوری اطلاع دے گی، جسے مرکزی امتحانی بورڈ سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔
سوالیہ پرچوں کی محفوظ ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے 14 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں تحصیلدار، بلاک ایجوکیشن آفیسرز (BEOs) اور سینئر پرنسپلز شامل ہیں۔ پولیس نگرانی میں، سوالیہ پرچے ضلع کے مرکزی خزانے (کاروار) اور سب ٹریژری (سرسی) سے متعلقہ امتحانی مراکز تک پہنچائے جائیں گے۔ مقررہ وقت پر کمیٹی کے ذمہ دار افراد سوالیہ پرچے وصول کرکے تقسیم کریں گے۔ امتحانی بورڈ کے مقرر کردہ موبائل اور مقامی نگرانی اسکواڈز بھی سخت نگرانی کریں گے۔
حکام نے تمام امتحانی مراکز میں پولیس سیکیورٹی، طبی نگرانی اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ طلبہ کے لیے بنیادی سہولیات اور صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
گزشتہ سال ویب کاسٹنگ صرف دو مراحل میں کی گئی تھی، لیکن اس سال تمام تینوں مراحل کے امتحانات اس نگرانی کے دائرے میں شامل ہوں گے۔ حکام نے اس نظام کے مؤثر نفاذ کے لیے مکمل جائزہ لیا ہے۔
محکمہ پری یونیورسٹی ایجوکیشن کے جاری کردہ حتمی کرناٹک دوم پی یو سی 2025 کے ٹائم ٹیبل کے مطابق، آج یعنی یکم مارچ کو کنڑا اور عربی کے امتحانات منعقد ہوئے، جبکہ پیر، 3 مارچ کو ریاضی، ایجوکیشن، Logic اور بزنس اسٹڈیز کے پرچے ہوں گے۔ آخری پرچہ ہندی کا 20 مارچ کوہو گا۔
علاوہ ازیں، پی یو سی دوم (یکم تا 20 مارچ) اور ایس ایس ایل سی (21 مارچ تا 4 اپریل) کے امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کو سرکاری بسوں پرمفت سفری سہولت فراہم کی گئی ہے۔ نارتھ، ویسٹ، ایسٹ کرناٹکا روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (NWKRTC) نے اعلان کیا ہے کہ طلبہ اپنے ہال ٹکٹ دکھا کر اپنے رہائش گاہ سے نامزد امتحانی مراکز تک اور امتحان کے بعد واپس اپنے سینٹر سے اپنے گھر تک بغیر کسی کرایے کے سفر کر سکیں گے۔ یہ سہولت سٹی بس سمیت، مضافاتی بسوں، عام اور ایکسپریس بسوں میں بھی دستیاب ہوگی۔