ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / کولمبو میں ہینڈ شیک تنازع کے بیچ روہت شرما اور وسیم اکرم کے معانقے نے جیتا دل، اسپورٹس مین اسپرٹ پر نئی بحث

کولمبو میں ہینڈ شیک تنازع کے بیچ روہت شرما اور وسیم اکرم کے معانقے نے جیتا دل، اسپورٹس مین اسپرٹ پر نئی بحث

Tue, 17 Feb 2026 00:41:03    S O News
کولمبو میں ہینڈ شیک تنازع کے بیچ روہت شرما اور وسیم اکرم کے معانقے نے جیتا دل، اسپورٹس مین اسپرٹ پر نئی بحث

نئی دہلی، 16 فروری (ایس او نیوز): کولمبو میں اتوار کو کھیلے گئے آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ کے یکطرفہ انڈیا-پاکستان مقابلے کے بعد جہاں کھلاڑیوں کے درمیان روایتی مصافحہ نہ ہونے کا معاملہ زیر بحث آیا اور دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کے تناظر میں سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں، وہیں ایک خوشگوار لمحے نے اس ماحول کو مثبت رخ دے دیا۔ پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم اور انڈیا کے اسٹار بلے باز و کپتان روہت شرما کے درمیان ہونے والا مصافحہ اور معانقہ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

پاکستان کو واضح برتری سے شکست دینے کے بعد میچ کے اختتام پر باؤنڈری لائن کے قریب دونوں شخصیات کی مختصر مگر خوشگوار ملاقات کی ویڈیو منظر عام پر آئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ 

بیشتر کرکٹ شائقین نے اسے کھیل کی اصل روح، باہمی احترام اور مثبت طرز عمل کی علامت قرار دیتے ہوئے سراہا۔ کچھ حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے گئے، تاہم غالب رائے یہی رہی کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھتے ہوئے اسپورٹس مین اسپرٹ کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔

کولمبو کے آر پریم داسا اسٹیڈیم میں میچ سے قبل ٹاس کے موقع پر انڈیا کے ٹی-20 کپتان سوریہ کمار یادو اور پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کے درمیان مصافحہ نہ ہونے کو بھی موضوعِ بحث بنایا گیا۔ میچ کے بعد بھی روایتی ٹیم ہینڈ شیک واضح طور پر دیکھنے میں نہیں آیا۔ تاہم اسی پس منظر میں روہت شرما اور وسیم اکرم کی ملاقات نے اس بحث کو ایک مثبت زاویہ فراہم کیا اور یہ پیغام دیا کہ کرکٹ میں باہمی احترام کی روایت اب بھی زندہ ہے۔

کرکٹ ماہرین اور سابق کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ لیجنڈری کھلاڑی ہمیشہ کھیل کے آداب اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو مقدم رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے مواقع پر مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنا زیادہ اہم ہے تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند مسابقت اور باہمی احترام کا درس مل سکے۔

واضح رہے کہ روہت شرما آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ کے برانڈ ایمبیسڈر کی حیثیت سے کولمبو میں موجود تھے۔ میچ سے قبل انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سی ای او سنجوگ گپتا اور وسیم اکرم کے ہمراہ ٹرافی کی رونمائی بھی کی۔ میدان کے اندر مسابقت اپنی جگہ، مگر میدان کے باہر اس گرمجوش ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ دوستی اور پیشہ ورانہ احترام کی ایک خوبصورت مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔


Share: