
بھٹکل، یکم مارچ (ایس او نیوز) – جمعہ کی شام بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک اور ملک کے بیشتر شہروں میں رویتِ ہلال کمیٹیوں کی جانب سے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تاہم، کسی بھی مقام سے چاند نظر آنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بھٹکل کے قاضی صاحبان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کے قاضیان اور رویتِ ہلال کمیٹیوں نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے اسلامی مہینہ شعبان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے۔ اس کے مطابق، پہلا روزہ 2 مارچ بروز اتوار ہوگا۔
اسی کے ساتھ، آج بروز ہفتہ نمازِ عشاء کے بعد تمام مساجد میں تراویح کا اہتمام کیا گیا ہے۔ خاص طور پر بھٹکل میں پہلے سے ہی 100 سے زائد مساجد میں فی مسجد تین سے چار حفاظِ کرام کو تراویح کی ادائیگی کی ذمہ داری سونپی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کی شام کو سعودی عربیہ میں چاند نظر آنے کی اطلاع کے بعد سعودی عربیہ سمیت دبئی، مسقط اور دیگر خلیجی ممالک میں آج سے رمضان کا آغاز ہوچکا ہے۔