ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کانگریس کا دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی کا عزم، ’’ہر ضرورت ہوگی پوری، کانگریس ہے ضروری‘‘

کانگریس کا دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی کا عزم، ’’ہر ضرورت ہوگی پوری، کانگریس ہے ضروری‘‘

Thu, 09 Jan 2025 11:32:03  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 8/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس اس بار عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کو ایک مضبوط چیلنج فراہم کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ایک طرف کانگریس ان دونوں جماعتوں کی عوام مخالف پالیسیوں کو بے نقاب کر رہی ہے، تو دوسری طرف حکومت تشکیل دینے کی صورت میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے نئے اور ترقی پسند منصوبوں کا وعدہ بھی کر رہی ہے۔ ’’ہوگی ہر ضرورت پوری، کانگریس ہے ضروری‘‘ کے نعرے کے ساتھ، کانگریس دہلی اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے لیے پُرعزم دکھائی دے رہی ہے۔ اسی دوران کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’جیون رکشا یوجنا‘ کے اعلان کے بعد کہا کہ ’’دہلی کی 2 کروڑ عوام اب تبدیلی کی خواہش رکھتی ہے، اور وہ اس تبدیلی کے لیے اپنی پرانی اتحادی کانگریس کی طرف دیکھ رہی ہیں۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ کانگریس نے دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد 2 بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ کانگریس نے حکومت سازی کی صورت میں سب سے پہلے ’پیاری دیدی یوجنا‘ کا اعلان کیا جس کے تحت خواتین کو ہر ماہ بطور اعزازیہ 2500 روپے دیے جائیں گے، اور آج ’جیون رکشا یوجنا‘ کا اعلان ہوا جس کے تحت دہلی کے ہر شہری کو 25 لاکھ روپے کا مفت ہیلتھ سیکورٹی انشورنس ملے گا۔

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے آج کانگریس کے ان دونوں منصوبوں کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ہم نے 2 اہم اعلانات کیے ہیں۔ 1. پیاری دیدی یوجنا: خواتین کو ہر ماہ 2500 روپے کی اعزازیہ رقم۔ 2. جیون رکشا یوجنا: دہلی کے ہر شہری کو 25 لاکھ روپے کا مفت ہیلتھ سیکورٹی انشورنس۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’دہلی ہندوستان کی شناخت ہے۔ یہاں کی خوشحالی ملک کی خوشحالی ہے۔ عوامی فلاح، سماجی انصاف اور دہلی کی معاشی و بنیادی ترقی کو لوٹانے کے لیے کانگریس ہی واحد متبادل ہے۔ اس لیے صرف کانگریس کو ووٹ دیں۔‘‘

کانگریس بی جے پی اور عآپ کی لیڈرشپ کو بھی لگاتار نشانے پر لے رہی ہے۔ خصوصاً سوشل میڈیا پر ان کے حقائق پیش کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام تک ان کی سچائی پہنچائی جا سکے۔ ’ایکس‘ پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں کانگریس نے کہا ہے کہ ’’دیش کے دل پر چوٹ کرنے والوں کو دہلی کی عوام معاف نہیں کرے گی۔ واشنگ مشین اور شیش محل والوں کی بدعنوانی نے دہلی کی عوام کو بے حال کر دیا ہے۔ لیکن اب اور نہیں۔ ان کی بدعنوانی کو مٹانا ہی کانگریس پارٹی کا عزم ہے۔‘‘

ایک دیگر ویڈیو پوسٹ میں کانگریس نے بتایا ہے کہ ’’گزشتہ 11 سالوں میں ایک ناکارہ حکومت نے دہلی کی قسمت میں محلہ کلینک کے نام پر ناکارہ صحت خدمات، اسپتالوں کے نام پر بدحالی اور علاج کے نام پر زبردست بدانتظامی لکھ دی ہے۔ جس کا نتیجہ کورونا میں مچے کہرام کی شکل میں ہم سب نے دیکھا۔ کورونا کے اس دور میں بھی کانگریس سب کی ذمہ داری نبھا رہی تھی اور دہلی والوں کو آکسیجن سلنڈر، دوائیاں اور کھانا مہیا کرا رہی تھی۔‘‘ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’دہلی کو پھر سے ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس کے لیے ہماری سی پی پی چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، ہمارے لیڈر راہل گاندھی کے مشورہ سے کانگریس نے دہلی کے ہر شخص کو 25 لاکھ روپے تک کا مفت علاج دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ یہ منصوبہ دہلی کے ہر نوجوان، بچے، بزرگ، خواتین، مرد کو پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی 25 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کا حق دے گی۔ کانگریس دہلی والوں سے یہ وعدہ نبھائے گی، کیونکہ اس سے پہلے کانگریس راجستھان سے یہ وعدہ نبھا چکی ہے۔‘‘

کانگریس نے 25 لاکھ روپے تک کے مفت علاج سے متعلق منصوبہ کو لے کر مزید ایک ویڈیو ’ایکس‘ پر پوسٹ کی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ’’دہلی میں اب کوئی بھی کنبہ علاج اور اس کے خرچ کو لے کر پریشان نہیں ہوگا۔ کیونکہ کانگریس دہلی کے باشندوں کے لیے ’جیون رکشا یوجنا‘ لے کر آئی ہے جس میں لوگوں کو 25 لاکھ روپے تک کا صحت انشورنس ملے گا۔ تبھی ہم کہہ رہے ہیں– ہوگی ہر ضرورت پوری، کانگریس ہے ضروری۔‘‘


Share: