ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی اسمبلی انتخابات: کانگریس کا منشور، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ

دہلی اسمبلی انتخابات: کانگریس کا منشور، 500 روپے میں گیس سلنڈر اور 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ

Thu, 16 Jan 2025 17:32:21  Office Staff   S.O. News Service

 نئی دہلی ، 16/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے عوام کے لیے ایک اور بڑا اعلان کیا ہے، جس میں متعدد اہم سہولتوں کا وعدہ کیا گیا۔ پارٹی نے کہا کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو عوام کو 500 روپے میں گیس سلنڈر، 300 یونٹ مفت بجلی اور مفت راشن کٹ فراہم کرے گی۔ اس سے قبل، کانگریس پارٹی نے خواتین اور نوجوانوں کے لیے بھی مختلف اہم وعدے کیے ہیں۔

اس موقع پر دہلی کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ خواتین پر مہنگائی کا شدید اثر ہوا ہے، جس کے پیش نظر ’مہنگائی مکتی یوجنا‘ متعارف کرائی گئی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ہر خاندان کو مفت راشن کٹ دی جائے گی جس میں 5 کلو چاول، 2 کلو چینی، ایک لیٹر تیل، 6 کلو دال اور 250 گرام چائے کی پتی شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے دس برسوں میں مہنگائی نے غریب خاندانوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ یہ اقدامات خواتین کو گھریلو مسائل سے آزاد کر کے بچوں کی تعلیم اور خاندان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔

اس موقع پر تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی بھی موجود تھے۔ انہوں نے پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کیجریوال اور وزیر اعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی اور کیجریوال میں کوئی فرق نہیں ہے، صرف نام کا فرق ہے۔ دہلی کو بہتر بنانا ہے تو کانگریس کی حکومت بنانا ضروری ہے۔

کانگریس نے دعویٰ کیا کہ جہاں عام آدمی پارٹی 200 یونٹ مفت بجلی فراہم کرتی ہے، وہاں کانگریس 300 یونٹ بجلی مفت دے گی۔ اس موقع پر پردیش کانگریس انچارج قاضی نظام الدین اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔


Share: