ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / مرکزی حکومت نے آٹھویں پے کمیشن کی منظوری دے دی، 2026 سے لاگو، تنخواہ میں 186 فیصد تک اضافے کا امکان

مرکزی حکومت نے آٹھویں پے کمیشن کی منظوری دے دی، 2026 سے لاگو، تنخواہ میں 186 فیصد تک اضافے کا امکان

Thu, 16 Jan 2025 19:19:00  Office Staff   S.O. News Service

 نئی دہلی ، 16/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)مرکزی حکومت نے آٹھویں پے کمیشن کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ اس اہم فیصلے کا اعلان کر دیا گیا ہے، لیکن اس کا نفاذ اگلے سال یعنی 2026 سے ہوگا۔ اس وقت تک مرکزی ملازمین کو ساتویں پے کمیشن کے تحت تنخواہیں مل رہی ہیں۔ اب جلد ہی آٹھویں پے کمیشن کی تشکیل کی جائے گی اور اس کے بعد اس کے نفاذ کے لیے ضروری اقدامات شروع ہوں گے۔

آج ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی حکومت کے ملازمین کے لیے آٹھویں سنٹرل پے کمیشن کی تشکیل کو منظوری دے دی ہے۔ اگلے سال اسے نافذ ہونا ہے، لیکن اس کے لیے جلد ہی ایک کمیشن تشکیل دی جائے گی۔ اس کے لیے چیئرمین اور 2 اراکین کے نام کا اعلان بھی جلد ہوگا۔

مرکزی حکومت کے ملازمین کو فی الحال ساتویں سنٹرل پے کمیشن کے مطابق تنخواہ کی ادائیگی کی جاتی ہے۔ یہ 2016 میں تشکیل ہوئی تھی۔ اب آٹھویں پے کمیشن کو 2026 میں نافذ کیا گیا ہے، یعنی 10 سال بعد نئے سنٹرل پے کمیشن کا نفاذ ہوگا۔ آٹھویں پے کمیشن سے متعلق وقت رہتے مشورے اور سفارشات وغیرہ طلب کیے جا سکیں، اس لیے کمیشن کی تشکیل جلد کی جائے گی۔

آٹھویں پے کمیشن سے تنخواہ میں خاطر خواہ فرق پڑنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق نئے پے کمیشن کے نفاذ کی صورت میں کم از کم تنخواہ 34560 روپے ہو جانے کا اندازہ ہے، جبکہ پنشن کے طور پر 17280 پلس ڈی آر ملنے کی امید ہے۔ چونکہ ابھی مرکزی ملازمین کی کم از کم تنخواہ 18000 ہے، اس لحاظ سے کم از کم تنخواہ میں 186 فیصد کا اضافہ ہو سکتا ہے۔ پروموشن ہونے اور تنخواہ بڑھنے کی صورت میں پنشن میں بھی اضافہ ہونا یقینی ہے۔


Share: