کولکاتہ ،09 اکتوبر (آئی این ایس انڈیا؍ایس او نیوز) اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر بی جے پی مغربی بنگال یونٹ ریاست کے تمام 42 پارلیمانی حلقوں کے لئے تین رتھ یاترا نکالے گی۔بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ رتھ یاترا دسمبر میں شروع ہوگی لیکن اس مہم کے لئے تشہیردرگا پوجا کے بعد سے ہی شروع ہو جائے گی۔گھوش نے بتایاکہ پہلی رتھ یاترا بیربھوم ضلع کے مندر شہر تاراپیٹھ سے تین دسمبر کو شروع ہوگی۔شاید پارٹی صدر امت شاہ بھی اس میں حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ شاہ تینوں یاترامیں حصہ لینے کے لئے خواہش مند ہیں لیکن ان کے پروگرام طے کرنے ہوں گے۔مرکزی وزیر بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے وزیر اعلی اور پارٹی کے سینئر عہدیدار بھی ریلی میں حصہ لیں گے۔انہوں نے بتایا کہ دوسری رتھ یاترا جنوبی 24 پرگنہ ضلع کے نام خانہ گنگا ساگر سے پانچ دسمبر کو جبکہ آخری رتھ یاترا کوچ ویہار سے سات دسمبر کو نکلے گی۔ہر رتھ یاترا میں 14 لوک سبھا حلقوں کو شامل کیا گیا ہے۔گھوش نے کہاکہ جنوری کے آخر میں ہم کولکاتہ میں مہرولی کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں جسے وزیر اعظم نریندر مودی سے خطاب کریں گے۔بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ جون میں ہوئی شاہ کی دو روزہ بنگال یاترا کے دوران رتھ یاترا نکالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔شاہ نے صوبہ میں کم از کم 22 سیٹیں جیتنے کا ہدف طے کیا ہے۔رتھ یاترا کی تشہیر کے لئے اجلاس ، سوشل میڈیا اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ فی الحال بنگال میں پارٹی کے پاس دو نشستیں آسنسول اور دارجلنگ ہیں۔