صنعاء،24مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)یمن میں باغی ملیشیاؤں نے مسلسل تیسرے روز تعز شہر کے رہائشی علاقوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری جاں بحق اور زخمی ہو گئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔حوثی اور معزول صالح کی ملیشیاؤں کی جانب سے مختلف نوعیت کے ہتھیار استعمال کیے گئے۔مقامی ذرائع کے مطابق الضبوحہ اور الکرامیہ کے علاقوں میں ہونے والی کارروائی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد نو تک پہنچ گئی جب کہ درجنوں شہری زخمی بھی ہیں۔ادھر شہر کے مشرقی محاذ پر شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جھڑپوں کا آغاز یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کی جانب سے باغی ملیشیاؤں کے ایک بڑے حملے کو پسپا کرنے کے بعد ہوا۔ اس دوران مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کے ذریعے شدید ترین گولہ باری کی گئی اور شہر کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔