عمان،15مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)خلیجی ریاست سلطنت آف اومان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک یمن میں صدر عبد ربہ منصور ھادی کی زیرقیادت آئینی حکومت کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ سلطنت اومان کے وزیرخارجہ یوسف بن علوی نے یمن کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ عبد الملک المخلافی کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ان کا ملک یمن میں آئینی حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔ یوسف بن علوی کا کہنا تھا کہ سلطنت اومان یمنی قوم اور آئینی حکومت کے ساتھ ہے۔ مسقط یمن میں جلد از جلد دیر پا قیام امن، یمن کی وحدت، سالمیت، اس کے اداروں کے استحکام اور خطے میں اس کے وقار کی دوبارہ بحالی کا خواہاں ہے۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائب وزیراعظم نے سلطنت اومان کے وزیرخارجہ کی طرف سے تعاون اور حمایت پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اومان کی جانب سے یمنی قوم کے پرامن زندگی گذارنے کے حق کی حمایت اور جنگ کے فوری خاتمے کا جذبہ قابل تحسین ہے۔یمنی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئینی حکومت اومانکے ساتھ دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں ترقی کے لیے صلاح مشورہ جاری رکھنے کے خواہاں ہے۔